شوبز شخصیات کی جانب سے ارشد شریف کے قتل کی مذمت


شوبز، میوزک اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ نامور شخصیات نے سینئر صحافی ارشد شریف کے پراسرار قتل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں تاکہ اصل صورت حال سامنے آ سکے۔ شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا قتل اتنا سادہ نہیں جتنا بتایا جا رہا ہے اور یقیناً دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ شوبز شخصیات نے ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسے پاکستانی صحافت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

سینئر اداکار عدنان صدیقی نے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی اور لکھا کہ انہوں نے بریکنگ نیوز سے لے کر سیاسی و معاشی بدحالی کی خبریں بھی غیر جانبدارانہ طور پر عوام تک پہنچائیں۔عدنان نے لکھاکہ ارشد شریف کا قتل پاکستانی صحافت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ ان کی طرح گلوکار و اداکار ہارون شاہد نے بھی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ ٹوئٹ کی اور اسے دنیائے صحافت کا ایک بڑا نقصان قرار دیا۔

موسیقار روحیل حیات نے صحافی کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے مغفرت کی بھی دعا کی۔ اداکارہ سجل علی نے بھی قتل کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوٹے ہوئے دل کی ایموجی ٹوئٹ کی۔ اداکار منیب بٹ نے بھی ارشد شریف کے افسوس ناک قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارشد شریف ہم شرمندہ ہیں‘۔ انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں ارشد شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں خبر پر یقین نہیں آ رہا کہ وہ اب ہم میں نہیں رہے۔

گلوکار و موسیقار شہزاد رائے نے بھی ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اب تک خبر پر یقین نہیں ہو رہا۔ ماڈل و اداکار ازکا ڈینیئل نے بھی ارشد شریف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے قتل پر اظہار افسوس کیا اور لکھا کہ وہ صحافی سے متعلق خبر سن کرسکتے میں آگئیں، انہوں نے اٹھتے ہی سب سے بری خبر سنی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں صحافی کو غیرجانبدارانہ عوام کی حقیقی آواز قرار دیتے ہوئے لکھا کہ کچھ قوتیں جو ان کی غیر جانبداری سے خائف تھیں، پہلے انہوں نے انہیں جلا وطن ہونے پر مجبور کیا اور اب انہیں ہی نہ رہنے دیا۔ انہوں نے ارشد شریف کے قتل کو قومی نقصان قرار دیتے ہوئے لکھا کہ جس صحافی کو ان کی خدمات پر صدارتی ایوارڈ ملا، اسے قتل کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں مگر حکومت انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

اداکارہ مریم نفیس نے بھی ارشد کے قتل پر جذباتی پیغام لکھا کہ پاکستان انہیں کبھی بھلا نہیں پائے گا، انہوں نے اپنی زندگی میں بہترین سے بہترین کام کرنے کی کوشش کی۔ ان شخصیات کے علاوہ بھی دیگر شوبز، میوزک و فیشن سے وابستہ افراد نے ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں غیر جانبدار اور بہادر صحافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کا قتل پراسرار حالات میں ہوا ہے اور پاکستان کی حکومت کو اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم کینیا بھیجنی چاہئے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔

Back to top button