’’شوبز شخصیات کی فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے سرگرمیاں محدود‘‘

اسرائیلی جارحیت کا شکار ہونے والے نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی شوبز شخصیات نے اپنی سرگرمیوں کو محدود کر دیا ہے، اداکارہ اُشنا شاہ اور اداکار فیصل قریشی بھی ان شوبز شخصیات میں شامل ہیں۔اُشنا شاہ نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے ہمیں اس بات کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے کہ کوئی ایسا فوٹو شوٹ نہ کروائیں جس میں گلیمر یا پرکشش ہو، ہم موجودہ صورتحال اور لوگوں کے جذبات کو سمجھتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ کچھ کاروبار اس مشکل وقت میں بھی اپنا کام جاری رکھتے ہیں کیونکہ کام کو روک نہیں سکتے، لیکن میں غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرتی رہوں گی۔فیصل قریشی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے رواں سال سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا، مداحوں کو غزہ کے لوگوں کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی، انسٹا گرام سٹوری پر فیصل قریشی نے اپنے چاہنے والوں، دوستوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ کے پاس دلی التجا کے ساتھ حاضر ہوا ہوں، غزہ اور ہمارے اردگرد کی دنیا کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے میں اس سال اپنی سال گرہ نہیں منا رہا۔49 سالہ فیصل قریشی نے اپنے چاہنے والوں سے مزید کہا کہ وہ فلسطین کے لیے دعا کریں، آپ سے درخواست کرتا ہوں فلسطین کے لیے دعا کریں، اللہ اس دنیا کو ہم سب کے لیے پرامن رکھے، آپ کی محبت کا شکریہ، مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔حال ہی میں ماہرہ خان نے غزہ میں ہونے والی تباہی کی فوٹیجز شئیر کرتےہوئے لکھا کہ یہ فلسطینی عوام کی نسل کشی ہے، یہ بے گناہ انسانوں کا قتل ہے، ماہرہ خان نے لکھا تھا کہ ’تاریخ ان لوگوں کو یاد رکھے گی جن کے پاس اقتدار ہونے کے باوجود وہ خاموش رہے، ان کے ہاتھوں میں معصوموں کا خون رہے گا، انھوں نے کہا کہ وہ ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ ہر لمحے فلسطینیوں کے لیے دعا کررہی ہیں۔یاد رہے کہ کئی دہائیوں سے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر بمباری کے بعد 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے فوجی اڈوں اور بستیوں پر اچانک حملہ کیا، اس حملے کے بعد تقریباً تین ہفتوں سے اسرائیل کے جنگی طیارے غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت تقریباً 5 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہیں۔
