شوبز فنکاروں اورصحافیوں پر کرونا کے حملے میں شدت


پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں پر کرونا وائرس کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے جس کے بعد کراچی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے بیشتر خواتین اور مرد فنکار اس مہلک وبا کا شکار ہوکر ہسپتال پہنچ گئے ہیں. تاہم ان میں سے روبینہ اشرف کی حالت خراب ہونے کے بعد اب تشویشناک ہے جنہیں ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
مئی کے وسط میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے کرونا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور اب تک ملک میں اس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ کرونا سے عام افراد کی طرح شوبز شخصیات بھی متاثر ہو رہی ہیں، گزشتہ ماہ 21 مئی کو ٹی وی و اسٹیج کے اداکار صغیر الہٰی کچھی کرونا کے باعث جاں بحق ہوگئے تھے، ان کا تعلق سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تھا۔
گلوکار سلمان احمد پاکستان کی وہ پہلی شوبز شخصیت تھے، جن میں اپریل میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی اور اس وقت وہ امریکا میں مقیم تھے۔2 ہفتے قرنطینہ میں رہنے کے بعد سلمان احمد کرونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تھے اور 19 اپریل کو ہی وہ صحت مند ہوگئے تھے۔
اب گزشتہ کچھ دنوں میں جن شوبز شخصیات کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں اداکار اور مشہور ٹی وی پروگرام میزبان و رائٹر واسع چوہدری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے 8 جون کو ٹوئٹ کے ذریعے بتایا کہ ان میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ واسع چوہدری نے بتایا کہ ان کے اہل خانہ کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں اور انہوں نے خود میں کرونا کی تشخیص کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا۔
اسی طرح 7 جون کو اداکار، ٹی وی میزبان و کامیڈین شفاعت علی نے ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں اتنی شدید علامات نہیں ہیں اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کرلیا۔
معروف اداکارہ روبینہ اشرف میں بھی جون کے مہینے کے آغاز میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، اب ان کے حوالے سے خبر ہے کہ ان کی حالت انتہائی تشویش ناک ہوگئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن اور گلوکار ابرارالحق میں بھی گزشتہ ماہ 31 مئی کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے بھی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ کرونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
اداکارہ و ٹی وی میزبان ندا یاسر اور ان کے شوہر اداکار یاسر نواز سمیت ان کی بیٹی میں گزشتہ ماہ 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس وقت سے قرنطینہ میں ہیں۔ کچھ دن قبل ندا یاسر کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کی خبریں بھی وائرل ہوئی تھیں تاہم اداکارہ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی صحت ٹھیک ہے۔
اداکار نوید رضا میں بھی 25 مئی کو کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، ان میں بھی اس وقت تشخیص ہوئی تھی جب انہوں نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کے بعد ٹیسٹ کروایا تھا۔ اس وقت نوید رضا بھی قرنطینہ میں ہیں۔
شوبز شخصیات کے علاوہ نیوز چینلز پر حالات حاضرہ کا پروگرام کرنے والی 2 خواتین اینکرز میں بھی کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔ جن میں کرنٹ افیئرز کے پروگرام کی میزبان ماریہ میمن نے 30 مئی کو اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ان میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ کورونا سے متعلق افواہوں پر دھیان نہ دھریں اور وہ سماجی فاصلے کو اختیار کرنے سمیت علامات ظاہر ہونے پر اپنا ٹیسٹ کروالیں۔
اینکر غریدہ فاروقی نے بھی تین جون کو اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ خود میں کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ میں منتقل کرلیا۔ انہوں نے بھی لوگوں کو کہا کہ کورونا سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کریں، اس میں کوئی شرمندگی نہیں کہ کسی کو کوئی بیماری ہوجاتی ہے، انہوں نے لوگوں کو ایک دوسرے سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی۔ اسی طرح معروف تجزیہ کار اور ٹی وی اینکر سہیل وڑائچ بھی کرونا ہو شکار ہو کر قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button