شو میں پیسے لوٹانے والوں کو عاطف اسلم نے کیا پیغام دیا؟

معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنے لائیو کانسرٹ میں پیسے لوٹانے والے شرکا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ پر پیسے لوٹانے کی بجائے ان کو فلسطینیوں کے لیے عطیہ کر دیں۔عاطف اسلم ان دنوں امریکا کے مختلف شہروں میں کانسرٹس کر رہے ہیں، اسی دوران ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ سٹیج پر موجود گانا گا رہے ہوتے ہیں کہ لوگوں میں سے کوئی مداح ان پر نوٹ پھینکتا ہے۔گلوکار کی جانب جیسے ہی نوٹ آتے ہیں وہ ایک دم کانسرٹ روک کر مداح سے مخاطب ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میرے دوست آپ یہ پیسے واپس لے کر اسے کہیں عطیہ کر سکتے ہیں، بات جاری رکھتے ہوئے مداح کو سٹیج پر آنے کا کہا اور بولے مجھے معلوم ہے کہ آپ بہت امیر ہیں جوکہ اچھی بات ہے لیکن اسے عطیہ کردیں، اس طرح پیسوں کی عزت نہیں کی جاتی، گلوکار کے اس ردعمل نے سوشل میڈیا صارفین کا دل جیت لیا، کسی نے عاطف کو حقیقی سپر سٹار قرار دیا تو کوئی ان کے ٹھنڈے مزاج کی تعریف کرتا رہا۔ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ عاطف نے پیسوں کو ہاتھ لگانا بھی مناسب نہ سمجھا، فیض نامی صارف نے عاطف اسلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’کتنے پرسکون انداز میں انہوں نے مداح سے درخواست کی جبکہ پاکستانی عوام نے اس چیز کو کلچر بنا لیا ہے، یہ وہ واحد غیر متنازع پاکستانی سٹار ہیں جو تعریف کے مستحق ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ عاطف اسلم نے ان پیسوں کو ہاتھ بھی نہیں لگایا جو مداح کی جانب سے ان پر نچھاور کیے گئے تھے، ایک صارف نے تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ عاطف اسلم ایک لیجنڈ ہیں۔فیضان نامی صارف لکھتے ہیں کہ عاطف اسلم نے کتنے پر سکون طریقے سے مداح سے درخواست کرتے ہوئے ان لوگوں کو پیغام دیا ہے جنہوں نے پیسے نچھاور کرنے کا کلچر ہی بنا لیا ہے کہ یہ رقم مجھ پر نہ پھنیکو بلکہ عطیہ کر دو، ان کا مزید کہنا تھا کہ عاطف اسلم واحد متنازع پاکستانی سٹار ہیں جن کی تعریف کرنی چاہئے۔واضح رہے کہ عاطف اسلم نے غزہ کے مظلوموں کے لیے 15 ملین روپے کی امداد بھی عطیہ کی تھی، یہ رقم پاکستانی خیراتی ادارے’ الخدمت فاؤنڈیشن‘ کے حوالے کی۔

Back to top button