شہباز شریف، حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست

ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ (ن) عطاء اللہ تارڑ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست ڈپٹی کمشنر کو جمع کرا دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو اپنی والدہ اور حمزہ شہباز کو اپنی دادی کی آخری رسومات میں شرکت کےلیے پیرول پر فوری طور پر رہا کیا جائے۔ درخواست میں دو ہفتے کی پیرول کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ‘شہباز شریف کی والدہ اور حمزہ شہباز کی دادی شمیم اختر کا لندن میں 22 نومبر کو انتقال ہوگیا ہے اور لاہور میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز قومی احتساب بیورو کے دائر کردہ ریفرنسز میں جوڈیشل کسٹڈی میں لاہور کے کوٹ لکھپت جیل میں ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ ‘ہماری روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں کو رشتہ داروں، دوستوں اور پارٹی کے لوگوں سے تعزیت وصول کرنی ہے اور اپنے پیارے کی آخری رسومات پوری کرنی ہیں’۔ درخواست میں کہا گیا کہ ‘ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کےلیے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر رہا کیا جائے’۔ انہوں نے استدعا کی کہ جیل قواعد 1978 کے تحت دونوں کو کم از کم دو ہفتے کےلیے پیرول پر رہا کیا جائے تاکہ وہ آخری رسومات کی ادائیگی کرسکیں اور اپنے سوگوار خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزار سکیں’۔ درخواست پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور انسپیکٹر جنرل جیل خانہ کو بھی ارسال کی گئی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئیں۔
ان کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ذارائع نے بتایا کہ وہ کافی مہینوں سے علیل تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button