شہبازگل کا 2روزہ ریمانڈ منظور،PTIنے فیصلہ چیلنج کر دیا

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت کے مقدمہ میں قید تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا 2روزہ مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کی تحویل میں دیدیا جبکہ پی ٹی آئی نے اس فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
اسلام آبا کی سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو دوبارہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے نظرثانی اپیل پر فیصلہ سنا یا، سماعت کے دوران پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مطمئن ہیں شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی اس لیے کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔
ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پہلے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا جبکہ بعد میں سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو مزید 2 دن کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔
مقامی عدالت نےتحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر حراست میں لینے کے بعد شہباز گل کا فوری طبی معائنہ کرائے اور طبی معائنہ کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جمع کرائی جائے،شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی شہباز گل کے وکلاء نے فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، وکلا کی جانب سے ریمانڈ کے خلاف درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی کہ دوبارہ ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
