شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی

شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی،پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
تحقیقاتی کمیٹی میں رؤف حسن، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق ملک، فردوس شمیم نقوی اور داؤد خان کاکڑ شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شیر افضل مروت نے کسی بھی شو کاز نوٹس کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔آپ کے پارٹی رہنماؤں کے خلاف دیے گئے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ آپ عادتاً غیر زمہ دار واقع ہوئے ہیں اور پارٹی کے لیے نقصان کا باعث ثابت ہوئے ہیں۔آپ کو کور کمیٹی کی جانب سے 4 مرتبہ سے زائد پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی سے متعلق تنبیہ کی گئی۔آپ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں کوئی بھی بیان دینے سے متعلق معاملات بہتر کرنے کا کہا تھا۔آپ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی تمام ہدایات کو نظر انداز کیا۔
نوٹیکفیشن کے مطابق شیر افضل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سوشل میڈیا اور عوامی مقامات پر پارٹی قیادت کے خلاف گفتگو کرتے رہے۔آپ کے بیانات غلط اور پارٹی کے لیے نقصان کا سبب بنے۔آپ نے وہ بے بنیاد الزامات لگائے جو پی ٹی آئی مخالفت اسٹیبلشمنٹ کے حق میں جاتے تھے۔آپ نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے ریڈ لائن کراس کی۔ کسی سے بھی ملاقات کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے پارٹی کی گائیڈ لائنز کو مکمل نظر انداز کی۔
