وزیراعظم نے پاسکو کی نجکاری کی منظوری دیدی

وزیراعظم شہبازشریف نے متعدد بے قاعدگیوں اور بد عنوانیوں کی نشاندہی کے بعد زرعی اجناس کی خریداری کے سب سے بڑے سرکاری ادارے پاسکو کی نج کاری کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاسکو سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وییٹ بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں اوروییٹ بورڈ میں کسانوں کےنمائیندوں اور لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم اور سپارکو کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جائے ۔
وزیراعظم نے پاسکو کی نجکاری کے حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم کی وفاقی حکومت کی گندم کی خریداری کے حوالے سے متبادل حکمت عملی ترتیب دینے اور اس حوالے سے صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کی بھی ہدایت سامنے آئی ۔۔
اجلاس کو گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور پاسکو میں اصلاحات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
