صدر بائیڈن کے بیان پرامریکی سفیرسے وضاحت طلب

صدر جوبائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان کے معاملے پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفترخارجہ طلب کرکے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔

باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی سفیر کو احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے، امریکی سفیر سے مراسلے کے ذریعے امریکی صدر کے بیان پر وضاحت کا بھی کہا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی سفیر کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا گیا اور انہیں پاکستان کے ایٹمی اثاثہ جات کی حفاظت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے الزام لگایاتھا کہ پاکستان دنیا کے خطر ناک ترین جوہری ممالک میں سے ایک ہے، اور یہ کہ اس کے جوہری اثاثے غیر منظم ہیں۔

ڈیموکریٹک کانگریشنل کیمپین کمیٹی سے خطاب میں صدر بائیڈن نے پاکستان کو خطرناک ترین ملک قرار دے دیا ، اور کہا کہ پاکستان دنیا کے خطرناک ترین جوہری ممالک میں سے ایک ہے۔ پاکستان کے جوہری ہتھیار میں کوئی باضابطگی اور ہم آہنگی نہیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ چینی صدر کو معلوم ہے کہ انہیں کیا چاہیے لیکن ان کے ساتھ بے شمار مسائل ہیں۔ روس میں کیا ہورہا ہے اور دنیا کے خطرناک جوہری ممالک میں سے ایک پاکستان میں کیا ہورہا ہے اور امریکا کو کس طرح اس سب کو دیکھنا اور ہینڈل کرنا ہے یہ اہم ہے۔

صدر بائیڈن کا کہنا تھا بہت کچھ ہورہا ہے لیکن اس میں امریکا کے لیے مواقع بھی ہیں کہ وہ صورتحال کو تبدیل کرسکے۔

Back to top button