عمران خان عید کی نماز کیوں نہ پڑھ سکے؟ اصل وجہ سامنے آگئی

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی گئی، مگر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں اس بار بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان نمازِ عید میں شریک نہ ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ کی نماز بھی ادا نہیں کی اور پورا دن اپنے سیل میں گزارا۔

اڈیالہ جیل میں عید کے موقع پر دو بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے جہاں سینکڑوں قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل افسران نے نمازِ عید ادا کی۔ جیل کی جامع مسجد اور امام بارگاہ میں ہونے والے ان اجتماعات میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، تاہم عمران خان ان تقریبات میں شریک نہ ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کو نمازِ عید کے اجتماع میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اپنے علیحدہ سیل میں موجود رہیں جبکہ دونوں نے عید کا دن جیل کے اندر محدود ماحول میں گزارا۔

یاد رہے کہ رواں برس عیدالفطر کے موقع پر بھی اسی نوعیت کی صورتحال سامنے آئی تھی جب عمران خان نمازِ عید کے اجتماع میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔ اس وقت بھی جیل ذرائع نے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد قرار دیا تھا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق عمران خان کی جیل میں موجودگی اور ان کے گرد غیر معمولی سیکیورٹی صورتحال بدستور قومی سیاست کا اہم موضوع بنی ہوئی ہے۔ ہر مذہبی یا سیاسی موقع پر اڈیالہ جیل کی صورتحال خبروں کا مرکز بن جاتی ہے جبکہ پی ٹی آئی کارکنان اور قیادت مسلسل ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ جیل انتظامیہ تمام فیصلے سیکیورٹی اور جیل قوانین کے مطابق کرتی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے خصوصی احتیاط برتی جاتی ہے۔عید کے دن عمران خان کی نمازِ عید میں عدم شرکت نے ایک بار پھر سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا یہ محض سیکیورٹی معاملہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی بڑی حکمت عملی موجود ہے۔

Back to top button