صدر ٹرمپ نے جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروادی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جلد دورہ پاکستان کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیر اعظم نے امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ سے ملاقات میں ایف اے ٹی ایف اور کشمیرسمیت اہم ایشوز اٹھائے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ڈیوس کے حوالے سے اہم بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات مفید ملاقات رہی، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کا ایشو اٹھایا، وزیر اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے ایف اے ٹی ایف پر سپورٹ کا کہا۔ انہوں نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا، وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کا بھی کہا ہے.
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تجارت کے حوالے سے بھی بات کی، ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ امریکا کا ایک تجارتی وفد پاکستان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیر کی صورتحال کا خاکہ صدر ٹرمپ کے سامنے رکھا، صدر ٹرمپ نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ امریکی صدر نے یقین دلایا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہیئے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں عمران خان کو پسند کرتا ہوں، میں عمران خان پر اعتماد کرتا ہوں۔ صدر ٹرمپ کو ایران کے معاملے پر بھی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ ایران مسئلے کے پاکستان پر مضر اثرات پر بھی ٹرمپ سے بات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ سے افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔ افغانستان میں امن عمل کو بھی آگے بڑھانے پر بات ہوئی۔ صدر ٹرمپ سے بہت اچھے ماحول میں ملاقات ہوئی، ان کی پوری ٹیم بھی ملاقات کے دوران موجود تھی۔
خیال رہے کہ 21 جنوری کو وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کی سائیڈ لائن کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی جس میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button