صنعتوں کو سبسڈائزڈ گیس کی فراہمی ختم کرنے پر غور
حکومت نے صنعتی شعبے کے لیے 6.5 ڈالر فی یونٹ کا سبسڈائزڈ (رعایتی) نرخ واپس لینے پر غور شروع کر دیا ہے ، سبسڈی گیس کی فراہمی ختم کرنے کے لیے کابینہ کو بھی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔
حکومتی عہدیدار نے اس سلسلے میں بتایا کہ موسم سرما کے دوران شدید قلت کے موقع پر جب درآمدی گیس پانچ گنا مہنگی ہو تو ہم انڈسٹری کو سستی گیس فراہم نہیں کر سکتے ہیں ۔ صنعتوں کو بجلی پر منتقل ہونے پر آمادہ کرتے رہے ہیں ، بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں لیکن اس کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے۔
مقامی گیس کی اوسط مقررہ قیمت تقریباً 645 روپے فی یونٹ تھی جبکہ حالیہ ایل این جی کارگوز کی فراہمی کی لاگت 5000 روپے فی یونٹ سے تجاوز کر گئی ، گزشتہ ماہ ایل این جی کی فروخت کی اوسط قیمت تقریباً 2 ہزار 730 روپے فی یونٹ رہی۔
گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخ سماجی، معاشی اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر شاید آئندہ برس کی پہلی یا دوسری سہ ماہی کے دوران بڑھائے جائیں گے۔
