صنم ماروی نے تیسری شادی کس سے کی اور چھپا کیوں رہی ہیں؟


معلوم ہوا ہے کہ معروف گلوکارہ صنم ماروی نے حال ہی میں اپنے دوسرے شوہر سے خلع لینے کے بعد اب خفیہ طور پر تیسری شادی رچالی ہے اور وہ شوبز انڈسٹری بھی چھوڑنے والی ہیں۔ تاہم صنم نے اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ آیا واقعی انہوں نے کبیب نواز نامی شخص سے شادی کرلی ہے۔
صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر سنگین نوعیت کے الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔ ریشماں پروین نے 22 جون کو سندھی زبان میں ایک مختصر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میری سوتیلی بہن صنم ماروی نے نجی گارڈز کے ہمراہ میرے گھر میں گھس کر مجھے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا، میرے کپڑے پھاڑے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ تقریباً 2 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں ریشماں پروین نے دعویٰ کیا کہ صنم ماروی نے ان کے گھر پر حملہ اس لیے کیا کہ وہ ان کی تیسری شادی سے متعلق بہت کچھ جانتی ہیں۔ ریشماں نے دعویٰ کیا کہ صنم ماروی نے حامد خان سے رواں برس فروری میں خلع کے بعد کبیب نواز نامی لڑکے سے شادی کرلی ہے۔ صنم ماروی نے گلوکاری کا آغاز سندھی زبان میں سے کیا تھا، بعد ازاں انہوں نے پنجابی، سرائیکی اور اردو میں بھی گانے گئے۔ ابتدائی طور پر وہ بھی سندھ میں رہتی تھیں لیکن حامد خان سے شادی کے بعد وہ لاہور منتقل ہوگئی تھیں اور رواں برس فروری میں ہی انہوں نے حامد خان سے خلع لی تھی۔ حامد خان سے قبل بھی صنم ماروی نے ایک شادی کی تھی لیکن ان کے پہلے شوہر کو کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔
اب حامد خان سے خلع کے ایک ماہ بعد ہی ان کی تیسری شادی کی خبریں سامنے آئی ہیں، ماروی نے سوشل میڈیا پر ان خبروں کو مسترد کردیا تھا لیکن اب ان کی بہن ریشماں پروین نے دعویٰ کیا ہے کہ صنم نے تیسری شادی بھی کرلی ہے۔ ریشماں پروین نے بتایا کہ صنم ماروی کی تیسری شادی پر اعتراض کرنے کی وجہ سے ہی بہن نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، کپڑے پھاڑے اور انہیں قتل کی دھمکیاں دیں۔ واضح رہے کہ صنم ماروی اور ریشماں پروین کی والدہ ایک ہی ہیں جب کہ دونوں کے والد الگ ہیں۔
ریشماں پروین نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ صنم ماروی کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دیے جانے کے بعد انہوں نے لاہور کے پولیس تھانے میں شکایت بھی درج کروا رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ وہ تین ماہ قبل ہی سندھ سے لاہور منتقل ہوئی ہیں اور صنم ماروی انہیں دھمکیاں دے رہی ہیں کہ وہ لاہور میں زندہ رہ کر دکھائیں۔ ریشماں پروین کی جانب سے سندھی میں بیان جاری کیے جانے کے بعد سندھی سوشل میڈیا اور میڈیا پر دونوں بہنوں کی لڑائی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔سوتیلی بہن ریشماں پروین کی ویڈیو کے بعد صنم ماروی نے ایک انٹرویو میں اعلان کیا کہ وہ آئندہ 15 سے 20 دن میں گلوکاری کو چھوڑ دیں گی۔ صنم ماروی نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب ان کے اہل خانہ ہی ان کے دشمن بن جائیں اور ان کی ملکیت اور پیسہ ہی ان کے تنازعات کا سبب بنے تو وہ ایسے شعبے میں مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔صنم ماروی نے بھی اپنے زندگی کو خطرات کا ذکر کیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں بتایا کہ انہیں کس سے خطرہ ہے۔
صنم ماروی نے واضح طور پر بہن ریشماں پروین سے تنازع کا ذکر بھی نہیں کیا اور اپنے خاندانی جھگڑے کو مداحوں کے تنازع سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان کے گلوکاری چھوڑنے کی ایک وجہ سندھی مداحوں کی جانب سے ان کی کردارکشی کرنا بھی شامل ہے۔ گلوکارہ نے دعویٰ کیا کہ خاندانی جھگڑے سامنے آنے کے بعد سندھ کے مداح ان کی کردارکشی کرتے ہوئے ان کے لیے خلاف نامناسب زبان استعمال کر رہے ہیں اور وہ مزید گلوکاری نہیں کرنا چاہتیں۔ صنم ماروی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سندھ کے مداحوں نے ہمیشہ ان کی کردارکشی کی جب کہ پاکستان بھر کے دیگر مداحوں نے انہیں عزت دی۔ انہوں نے یہ بددعا بھی کی کہ اب سندھ کی سرزمین کسی اچھے گلوکار کے لیے ترس جائے گی اور کوئی بھی شاہ، سچل اور سامی کو گانا والا گلوکار سندھ کو نہ ملے گا۔صنم ماروی کی جانب سے خاندانی تنازع کو سندھ کے مداحوں سے جوڑنے پر بعض مداح ان سے ناراض بھی دکھائی دیے اور کہا کہ صنم ماروی کو پہلا پیار اور پہلی شہرت سندھ کے لوگوں نے ہی دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button