ضمنی الیکشن کی شفافیت پرمخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ روزہونیوالے پنجاب کے ضمنی انتخابات تاریخ کے شفاف انتخابات ہیں اوران کی شفافیت پر بدترین مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات اورجمہوری اقدار کی پاسداری پرپختہ یقین رکھتی ہے اورگزشتہ روز کے انتخابات اس کا عملی مظاہرہ ہیں۔
انکا کہنا تھا امید ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے تضحیک آمیز رویے پر معذرت کریں گے۔ عمران خان کے پاس وفاق اورپنجاب کی حکومت تھی تو دھاندلی کے ریکارڈ بنائے اورتین اپریل کو اقتدار بچانے کے لئے آئین توڑا۔ اس کے برعکس (ن) لیگ نے وفاق اورپنجاب میں اقتدار کا استعمال الیکشن کمیشن کے عملے کو اغوا کرنے، آئین پرحملے اورآئین شکنی کے لئے نہیں کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا پنجاب کے عوام نے ہمیشہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔پنجاب کے عوام کی مثالی خدمت کا سفر اسی جذبے اور تاریخی روایت کے مطابق جاری رکھیں گے۔