پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں 53کروڑ ڈالرکااضافہ

وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے باوجود رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے 9 ماہ  میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں 53 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 8 ارب 93 کروڑ ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری مالی سال 26-2025 کے اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی کھپت ایک کروڑ 36 لاکھ میٹرک ٹن رہی اور گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سروے میں بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پیٹرولیم مصنوعات کا سب سے بڑا صارف رہا جہاں کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت کل طلب کا 82 فیصد رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت ایک کروڑ میٹرک ٹن سے بڑھ کر ایک کروڑ 12 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب صنعتی شعبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، اقتصادی سروے کے مطابق صنعتی شعبے میں کھپت 42.6 فیصد کم ہوئی، صنعتی سیکٹر میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 7 لاکھ 54 ہزار میٹرک ٹن سے کم ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن رہ گئی، صنعتی شعبے کا کل طلب میں حصہ 3.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

Back to top button