طلب میں کمی، پاک سوزوکی کا 4 روز کیلئے پیداوار بند کرنے کا اعلان

پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے طلب میں کمی کی وجہ سے جنوری کے مہینے کے دوران 4 روز کے لیے ہر پیر کو پیداوار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وینڈرز کو جاری ایک نوٹس میں پاک سوزوکی کمپنی نے کہا کہ ’طلب میں کمی کی وجہ سے رواں ماہ پیر کے دن نان پروڈکشن ڈیز (این پی ڈیز) کے طور منائے جائیں گے‘۔وینڈرز کا کہنا تھا کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے جنوری کے لیے سب سے زیادہ فروخت ہونے والی 660 سی سی آلٹو کے پیداواری شیڈول میں 25 فیصد کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں کلٹس، سوفٹ، بولان اور ویگن آر اور دیگر گاڑیوں کی فروخت میں کمی کے باوجود آلٹو، پاک سوزوکی اور وینڈرز کے لیے اہم ہے۔
خیال رہے کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی رواں برس یکم جنوری سے اپنی تمام گاڑیوں کی قیمت میں 45 ہزار سے 90 ہزار روپے تک اضافہ کرچکی ہے۔ پیداواری منظرنامے میں بہتری کے بعد جاپان کے دیگر پلانٹس میں صورتحال مختلف ہے۔
دوسری جانب ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ نے گاڑیوں کے مختلف ماڈلز میں 20 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک اضافہ کردیا جس کا اطلاق 16 جنوری سے ہوگا۔
مثال کے طور پر ہونڈا سٹی 1.3 ایم ٹی اور اے ٹی کی قیمت 20 ہزار روپے اضافے کے بعد بالترتیب 23 لاکھ 29 ہزار اور 25 لاکھ 9 ہزار ہوجائے گی۔علاوہ ازیں 20 ہزار روپے اضافے کے بعد سٹی 1.5 ایل ایم ٹی 23 لاکھ 89 ہزار روپے، سٹی 1.5 ایل اے ٹی 25 لاکھ 50 ہزار روپے، ایسپائر ایم ٹی 25 لاکھ 39 ہزار روپے اور ایسپائر اے ٹی کی قیمت 27 لاکھ 19 ہزار روپے ہوجائے گی۔سوک ٹربو کی قیمت 80 ہزار روپے اضافے کے بعد 44 لاکھ 79 روپے، 1.8 ایل وی ٹی آئی کی قیمت 30 ہزار روپے اضافے کے بعد 37 لاکھ 79 روپے اور 1.8 ایل وی ٹی آئی سی وی ٹی کی قیمتیں 50 ہزار روپے کے اضافے کے بعد 35 لاکھ 49 ہزار روپے ہوگئیں۔ علاوہ ازیں ہونڈا بی آر-وی ایم ٹی کی قیمت 29 لاکھ 99 ہزار جبکہ سی وی ٹی اور وی ایس سی وی ٹی ماڈلر کی قیمت 50 ہزار روپے اضافے کے بعد بالترتیب 31 لاکھ 49 ہزار اور 32 لاکھ 99 ہزار روپے ہوں گی۔
