عاطف اسلم کا ایکٹنگ کی دنیا میں آنے کا فیصلہ


گلوکار عاطف اسلم نے ‘سنگِ ماہ’ نامی ڈرامے سے چھوٹی اسکرین پر اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ‘سنگِ ماہ’ ، ہم ٹی وی پر 2016 میں نشر ہونے والے ڈرامے ‘سنگِ مر مر ‘ کا سیکوئل ہے جس میں کبریٰ خان، ثانیہ سعید، نعمان اعجاز اور میکال ذوالفقار نے اداکاری کی تھی۔
یاد رہے کہ ’سنگ مر مر‘ کو منفرد کہانی اور مرکزی فنکاروں کی شاندار ایکٹنگ کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا تھا۔ ڈرامے کی کہانی پاکستان کے قبائلی علاقہ جات کے خاندان اور وہاں کی رسم و رواج کے گرد گھومتی ہے،جس وجہ سے شائقین نے اسے بہت سراہا تھا بلکہ کبرٰی خان کو اسی ڈرامے سے پہچان ملی تھی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں نعمان اعجاز نے کہا کہ ‘ہم اس وقت اسلام آباد میں ہیں اور سنگِ ماہ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔نعمان اعجاز نے کہا کہ جیسے آپ نے ڈراما سیریل ‘سنگِ مر مر’کو بہت پسند کیا مجھے یقین ہے کہ آپ ‘سنگِ ماہ’ کو بھی پسند کریں گے۔ انہوں نے ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاروں کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ ہم عاطف اسلم، زاویار، ثانیہ سعید، سمیہ ممتاز، کبریٰ خان اور ہانیہ عامر کے ساتھ ڈرامے کی شوٹنگ کررہے ہیں۔ نعمان اعجاز نے کہا کہ ‘اپنا خیال رکھیں، اللہ تمام پاکستانیوں کو سلامت رکھے اور سب کو خوش رکھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے خبریں زیر گردش تھیں کہ عاطف اسلم جلد ہی چھوٹی اسکرین پر بھی دکھائی دیں گے۔ جولائی میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل میں عاطف اسلم اور احسن خان بھی شامل ہوں گے جب کہ فی میل کے مرکزی کردار کے لیے ہانیہ عامر کو بھی کاسٹ کیا جائے گا۔’سنگ مر مر‘ کے سیکوئل کی چہ مگوئیاں رواں برس جون میں اس وقت شروع ہوئی تھیں جب کہ ڈرامے کے ڈائریکٹر سیفی حسن نے عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد ہی سیکوئل پر کام شروع کریں گے۔سیفی حسن نے بتایا تھا کہ ’سنگ مر مر‘ کو ٹرائلوجی کی صورت میں بنایا جائے گا، جس کے دوسرے حصے ’سنگ ماہ‘ پر جلد ہی کام شروع کیا جائے گا جب کہ ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ سنگ سیاہ‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔ سیفی حسن نے تصدیق کی تھی کہ سیکوئل میں بھی پہلے ڈرامے کی کاسٹ کو رکھا جائے گا، تاہم نئے ڈرامے کی کہانی پہلے سے مختلف ہوگی اور کچھ کردار بھی نئے شامل کیے جائیں گے۔تاہم حال ہی میں ٹی وی ڈیبیو کرنے کے حوالےسے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے مداح انہیں چھوٹی اسکرین پر بھی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اچھی کہانی ملنے پر ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔ اس سے پہلے بھی عاطف اسلم نے چھوٹی اسکرین پر جلوے دکھانے کی اپنی خبروں سے متعلق کہا تھا کہ انہوں نے بھی خود سے متعلق افواہیں سن رکھی ہیں مگر فوری طور پر ایسا سچ ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ گلوکار نے واضح کیا تھا کہ اگر انہیں اچھی کہانی اور کردار دیا گیا تو وہ ضرور چھوٹی اسکرین پر کام کریں گے، تاہم ساتھ ہی کہا کہ مداح انہیں جلد ٹی وی پر دیکھنے کی امید نہ رکھیں۔
نعمان اعجاز کی جانب سے تصدیق کئے جانے کے بعد یہ راز تو کھل گیا ہے کہ عاطف اسلم جلد ٹی وی سکرین پر ڈیبیو کریں گے لیکن مداحوں کے لئے تجسس کی بات یہ ہے کہ اس ڈرامے میں عاطف اسلم کا کردار کیا ہوگا؟

Back to top button