عالیہ بھٹ اور رنبیر کی اس برس شادی کا امکان


بالی وڈ اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ کی اس برس شادی کرنے کی اطلاعات سامنے آگئی ہیں۔ طویل عرصے بعد جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ‘بیل باٹم’ سے فلموں میں واپسی کرنے والی اداکارہ لارا دتہ نے کہا ہے کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ رواں برس کے ختم ہونے سے قبل شادی کرلیں گے۔ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے درمیان تعلقات اور ان کی شادی کی چہ مگوئیاں 2017 سے جاری ہیں، تاہم تاحال دونوں نے واضح طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں کہا۔
بولی وڈ میں رنبیر اور عالیہ کے رومانس اور ان کی جلد شادی کی چہ مگوئیوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں 43 سالہ لارا دتہ نے کہا کہ امید مکمل امید ہے کہ دونوں رواں برس شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ ایک انٹرویو میں لارا دتہ نے بولی وڈ کے دیگر رومانوی جوڑوں پر بھی بات کی اور کہا کہ چوں کہ وہ پرانے زمانے کی خاتون ہیں، اس لیے انہیں نئے لڑکے اور لڑکیوں کے رومانس سے متعلق زیادہ علم نہیں۔ لارا دتہ کا کہنا تھا کہ وہ رنبیر اور عالیہ کے تعلقات کے حوالے سے کچھ علم رکھتی ہیں۔ انہوں نے ذو معنی لفظوں میں امید کا اظہار کیا کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور رواں برس کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔ لارا دتہ نے مختصرا کہا کہ دونوں اداکار سال 2021 میں ہی شادی کریں گے، تاہم انہوں نے اس بارے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ لارا دتہ کی جانب سے رنبیر اور عالیہ کی شادی رواں برس ہونے کی نوید سنائے جانے کے بعد بولی وڈ میں اس پر بحث جاری ہے اور کوئی لوگوں کا خیال ہے کہ دونوں سال کے اختتام تک ایک ہوجائیں گے۔ لارا دتہ سے قبل خود رنبیر کپور بھی گزشتہ برس کہہ چکے تھے کہ اگر کورونا نہ آیا ہوتا اور لاک ڈاؤن نافذ نہ ہوا ہوتا وہ شادی سے متعلق فیصلہ کر چکے ہوتے مگر انہوں نے اپنی ممکنہ دلہن کا نام نہیں بتایا تھا۔
اس سے قبل بھی رنبیر اور عالیہ مختلف مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ اظہار محبت کر چکے ہیں، تاہم دونوں نے واضح طور پر شادی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔ علاوہ ازیں دونوں کے تعلقات اور محبت کے حوالے سے عالیہ بھٹ کے والد مہیش بھٹ اور رنبیر کپور کی والدہ نیتو کپور بھی دبے الفاظ میں اقرار کر چکی ہیں، تاہم انہوں نے بھی کبھی واضح طور پر ان کے رشتے سے متعلق بات نہیں کی۔ دونوں کے درمیان 2017 کے بعد تعلقات کی چہ مگوئیاں ہیں اور ان افواہوں میں 2018 میں دپیکا پڈوکون کی شادی کے بعد تیزی آئی۔ دپیکا پڈوکون کی شادی سے قبل ان کے تعلقات رنبیر کپور سے ہونے کی خبریں بھی پھیلتی رہیں۔ دپیکا پڈوکون کی شادی کے بعد رنبیر کپور کی عالیہ بھٹ سے شادی سے متعلق متعدد بار خبریں پھیلیں اور بعض شوبز شخصیات نے یہ عندیہ تک دیا تھا کہ دونوں 2020 میں شادی کرلیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوسکا اور اب لارا دتہ نے کہا کہ دونوں رواں سال کے اختتام تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔

Back to top button