میرا نے نیزہ باز کو کرکٹر قرار دے دیا


پاکستانی اداکارہ میرا شوبز انڈسٹری میں ہمیشہ سے ایک بھولکڑ، غیر حاضر دماغ اور بونگی اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں جس کا تازہ ثبوت انہوں نے قومی ہیرو اور نیزہ باز اتھلیٹ ارشد ندیم کو ایک اچھا کرکٹر قرار دے کر دیا ہے۔
ایک پیغام میں اداکارہ نے جیولن تھرو میں بہترین کارکردگی پر پاکستانی ایتھلیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی۔ بس پھر کیا تھا۔۔۔۔اداکارہ کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور قہقوں کی جیسے بہار آ گئی ۔
اپنی مختصر دورانیے کی ویڈیو میں میرا یہ کہتی سنائی دیتی ہیں کہ ’ارشد ندیم نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کھیلا بہت اچھا کھیلا، بڑی محنت نظر آ رہی تھی، ان کی جو باڈی لینگویج تھی اس میں بڑی دیانتداری، ایمانداری اور ڈسپلن تھا۔
میرا نے بات یہاں ختم نہیں کی بلکہ حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ’پاکستان کے لیے کھیلنے والے ہمارے ہیروز کی قدر کرے ، چاہے وہ فلم انڈسٹری کے لوگ ہوں یا ہماری کرکٹ میں جو ہیروز ہیں ، ٹوئٹر پر میرا کا ویڈیو کلپ شیئر کرنے والے صارفین نے کہیں ماضی کا حوالہ دے کر ان کی گفتگو میں ایسی ہی غلطیوں کی نشاندہی کی تو کہیں ’جنرل نالج اور انگلش کی غلطیوں کا تقابل کیا جاتا رہا۔
میرا اور ان کے جملوں کا ذکر شروع ہوا تو کچھ صارفین نے اس کی ممکنہ وجوہات کے پہلو پر بھی بات کی ، سرور جی نامی ہینڈلر نے لکھا کہ میرا کہنا چاہ رہی تھیں کہ ندیم جیولن نے کرکٹ بہت اچھی کھیلی ہے۔جنرل نالج کی کمزوری کا ذکر کچھ زیادہ ہوا اور میرا کی ایسی ہی دیگر غلطیاں زیر بحث آئیں تو کچھ صارفین نے یہ تسلیم کیا کہ وہ بھی ’ارشد ندیم کے کھیل‘ سے واقف نہیں البتہ اتنا جانتے ہیں کہ وہ کرکٹر نہیں ہیں۔
ویڈیو کلپ میں ارشد ندیم کے ’غلط تذکرے‘ کے باوجود ’میرا کے اعتماد‘ کو سراہنے والے تعریف کے لیے بھی انہی کے سابقہ جملوں کا سہارا لیتے رہے۔ میرا کی ویڈیو پر تبصرہ کرنے والی فاریہ نامی ٹویپ نے انٹرٹینمنٹ بھرے لمحات فراہم کرنے پر اداکارہ کا شکریہ بھی ادا کیا لیکن قہقہے یہاں بھی نمایاں تھے۔
ارشد ندیم کو اچھی کرکٹ پر میرا کی مبارکباد پہلا موقع نہیں جب پاکستانی اداکارہ کی کوئی گفتگو سوشل ٹائم لائنز پر وائرل ہو کر قہقہوں اور طنز و تنقید کی وجہ بنی ہو ، کچھ عرصہ قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ امریکی ڈاکٹر کے سامنے غلط انگلش بولنے اور وزیراعظم سے پروٹوکول ملنے کا دعویٰ کرنے کے بعد میرا کو نفسیاتی علاج کے لیے امریکی طبی مرکز بھیج دیا گیا تھا تاہم بعد میں اداکارہ کے منیجر نے اسے ان کی والدہ کی جانب سے پھیلائی گئی افواہ قرار دیا تھا۔
44 سالہ ارتضی رباب عرف میرا چند روز قبل شوبز سے دل شکستہ ہو کر وزیراعظم عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی میں شمولیت کا بھی اعلان کر چکی ہیں بات یہاں ختم نہیں ہوتی بلکہ اداکارہ اپنی عمر کے متعلق بیان پر بھی خوب خبروں میں رہیں جب انھوں نے کہا کہ میری عمر 16 سال ہے اور میں نے سٹے لے رکھا ہے۔
اپنی فلم باجی کی ریلیز کے موقع پر اداکارہ نے انٹرویو کے دوران ملکی کوریو گرافر کا نام وہاب ریاض بتا دیا جس سے پروگرام میں قہقہے لگ گئے ، اس کے علاوہ اداکارہ کی گلابی انگریزی کے جملے بھی ان کی جگ ہنسائی کا سبب بنتے رہتے ہیں ۔
اداکارہ میرا کی مبینہ شوہر عتیق الرحمان سے شادی بھی متنازع رہی ، دونوں کی ایک ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر زیر گردش رہیں لیکن کچھ عرصہ بعد میرا نے شادی کو جھوٹ قرار دیا تو کیس فیملی کورٹ جا پہنچا جہاں 8 سال تک کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے عتیق الرحمان کو میرا کا حقیقی شوہر قرار دیا۔

Back to top button