عالیہ بھٹ کو شادی کرتے ہی ماں بننے پر کوئی پچھتاوا نہیں

معروف بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے ماں بننے کے بعد اپنے کیرئیر پر اٹھنے والے سوالات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انکے کیرئیر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور نہ ہی وہ شادی کے پہلے سال ماں بننے پر پچھتا رہی ہیں۔ عالیہ بھٹ کے مطابق سال 2022 ان کی زندگی کا بہترین سال ثابت ہوا، اس سال انہوں نے شادی کی ایک بیٹی کو جنم دیا، ان کی فلم گنگوبائی بلاک بسٹر رہی اور ساتھ ہی انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو بھی دیا۔ بھارتی میڈیا کو دیئے ایک حالیہ انٹرویو میں کیرئیر کی بلندیوں پر پہنچتے ہی شادی کرنے اور ماں بننے کے حوالے سے عالیہ کا کہنا تھا کہ ’اپنے کیریئر کے عروج پر میں نے شادی کرنے اور بچہ پیدا کرنے کا فیصلہ کیا لیکن کون کہتا ہے کہ شادی یا ماں بننے سے میرے کام اور کیرئیر میں کوئی تبدیلی آ جائے گی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ہو، مجھے پرواہ نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں جانتی ہوں مجھے بچہ پیدا کرنے کے فیصلے پر کبھی پچھتاوا نہیں ہوگا۔ یہ میرا سب سے بہترین فیصلہ ہے میں اس سے پہلے کبھی اتنی زیادہ خوش یا زیادہ مطمئن نہیں رہی جتنی اب ہوں۔ماں بننے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے گنگوبائی سٹار نے کہا کہ ایک ماں کے طور پر ہر لمحہ بہت معنی خیز ہے میں بطور اداکار خود پر یقین رکھتی ہوں کہ میں بہت محنت کروں گی اگر آپ اچھے اداکار ہیں تو لوگ آپ کے ساتھ کام کریں گے اور آپ کے پاس کام آئے گا۔ عالیہ بھٹ نے اپنے کام کے حوالے سے مزید کہا کہ اگر کام نہیں آتا تو نہ آئے میں ایسی شخصیت کی مالک نہیں ہوں جو اس بارے میں خود پر دباؤ ڈالے میں اپنے کام کی قدر کرتی ہوں لیکن زندگی کی بھی قدر کرتی ہوں اور دونوں میں توازن قائم رکھنا چاہتی ہوں۔ یاد رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے جبکہ گزشتہ سال اس جوڑی نے پہلی اولاد ’راہا‘ کو دنیا میں خوش آمدید کہا تھا، عالیہ بھٹ جلد اپنی آنے والی نئی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

Back to top button