عراقی ملیشیا نے بھی امریکہ سے بدلہ لینے کا اعلان کردیا

ایران کی جانب سے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے بعد اب سربراہ عراقی ملیشیا نے بھی امریکہ سے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔
سربراہ عراقی ملیشیا کا کہنا ہے کہ امریکہ سے اپنے شہدا کا بدلہ لینے کےلیے تیار ہیں، امریکا سے عراق کا انتقام ایران سے کم نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا ایران نے اپنا ردعمل دے دیا، اب عراق کی طرف سے جواب دینے کا وقت ہے۔
بدھ کی صبح ایران نے عراق میں موجود امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے مطابق ایران سے 12 بلیسٹک میزائل داغے گئے جن سے الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
پینٹاگان کی طرف سے جاری ابتدائی بیان کے مطابق ایران نے امریکی اور اتحادی افواج کو نشانہ بنایا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق فی الحال نہیں کی گئی۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حملے میں 80 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
ایران کے امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب کرنا تھا جس کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے گرد سکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ جمعے امریکہ نے عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈورن حملے میں قتل کر دیا تھا جو ایران امریکہ کشیدگی میں اضافے کا سبب بنا۔
