علی ظفر نے پشتو گانا ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا

پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر سندھی و بلوچی زبانوں میں گانے ریلیز کرنے کے بعد پشتو زبان میں گانا ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں اپنے نئے آنے والے گانے کی ایک تصویر شیئر کی۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں علی ظفر کو پشتو لباس میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے اور ان کے اردگرد موجود لوگ بھی پشتو ثقافت کی نمائندگی کرتے نظر آرہے ہیں۔علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ انتظار ختم ہوا کیونکہ سندھی اور بلوچی زبان کے بعد، اب پشتو زبان میں بھی میرا گانا آرہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’گانے کی مزید تفصیلات سے آگاہ رہنے کے لیے میرے ساتھ رہیں تاہم علی ظفر نے اپنے نئے گانے کے نام اور اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ سے متعلق کوئی تفصیلات بیان نہیں کیں۔خیال رہے کہ علی ظفر نے گزشتہ برس نومبر میں نوجوان گلوکارہ عروج فاطمہ اور ریپر عابد بروہی کے ساتھ دہائیوں سے سندھ میں مقبول لوک گیت ‘الے، ماروئڑا’ ریلیز کیا تھا۔
علی ظفر نے عروج فاطمہ اور عابد بروہی کے ساتھ سندھ کے مقبول ترین لوک گیتوں میں شمار ہونے والے ‘الے، ماروئڑا’ کو ایک ایسے وقت میں جدید انداز میں پیش کیا تھا جب ‘سندھی ثقافتی دن’ منانے کی تیاریاں شروع ہوچکی تھیں۔
اس سے قبل علی ظفر نے 2019 میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ عروج فاطمہ کے ساتھ اپنا کیا وعدہ مکمل کرتے ہوئے ‘لیلیٰ او لیلیٰ’ گانا جاری کیا تھا جو بے حد مقبول ہوا تھا۔
