علی موسیٰ گیلانی کو ضمانت پر رہائی مل گئی

ملتان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں پی ڈی ایم کی جانب سے موٹر سائیکل ریلی نکالنے اور ملتان اسٹیڈیم کا تالا توڑنے کے الزامات پر گرفتار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی سمیت سات مقامی رہنماوں کی ضمانت منظور ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں پی ڈی ایم کی جماعتوں نے 30 نومبر کے جلسے سے پہلے نواں شہر چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک ریلی نکالی جس میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی گھنٹہ گھر پہنچی جہاں پر پولیس نے چار کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ بغیر اجازت ریلی نکالنے پر پولیس نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے تین بیٹے علی قاسم گیلانی، موسیٰ گیلانی، علی حیدر گیلانی سمیت متعدد افراد کے خلاف کورونا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جب کہ علی موسیٰ سمیت سات مقامی رہنماؤں کو حراست میں لیا جس پر کارکنوں نے تھانے کے باہر احتجاج کیا تھا۔
جمعرات کو موسیٰ گیلانی سمیت گرفتار کارکنوں کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں دونوں جانب کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔
