عمران اور ریحام نے شادی کو بڑی غلطی کیوں قرار دیا تھا

عمر میں خود سے 13 برس چھوٹے 37 سالہ مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کرنے والی 50 سالہ ریحام خان نے ماضی میں عمران خان سے اپنی دوسری شادی کے فیصلے کو زندگی کا غلط ترین فیصلہ قرار دیا تھا۔ دوسری جانب عمران خان نے بھی ڈیلی میل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے دیگر انسانوں کی طرح زندگی میں کئی غلطیاں کیں لیکن ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ریحام خان سے دوسری شادی کرنا تھی۔ برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان نے دعوی ٰکیا تھا کہ انہوں نے بشریٰ بی بی کا چہرہ دیکھے بغیر ان سے تیسری شادی کا فیصلہ کیا اور انہوں نے کئی ملاقاتوں کے بعد انہیں شادی کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بشریٰ مانیکا کی ایک پرانی تصویر دیکھ رکھی تھی، تاہم ان کا چہرہ تب ہی دیکھا، جب وہ ان کی بیوی بن چکی تھیں۔ عمران خان کے مطابق بشریٰ مانیکا کا چہرہ دیکھنے کے بعد انہیں مایوسی نہیں ہوئی۔

عمران کے مطابق شادی کی پیش کش کے بعد بھی بشریٰ نے رضامندی کے لیے وقت مانگا اور اپنے خاندان سے مشورہ کرنے کے بعد ہی انہوں نے ان سے شادی کی۔عمران نے بتایا کہ ان کی تیسری بیوی اتنی زیادہ سوشل نہیں ہیں، وہ عام غیر محرم مردوں کے سامنے پردے کے بغیر نہیں آتیں۔ عمران کے مطابق بشریٰ تصوف اور صوفی ازم پر یقین رکھتی ہیں اور وہ ان کی اسی بات سے ہی متاثر ہوئے۔ انٹرویو میں عمران خان نے تسلیم کیا کہ وہ بھی انسان ہیں اور ان سے بھی کچھ غلطیاں ہوئی ہیں۔عمران نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ریحام خان سے شادی کو قرار دیا۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران کہا کہ اگرچہ وہ ریحام خان کے حوالے سے اتنی زیادہ گفتگو نہیں کرتے، تاہم ان سے شادی کرنا ان کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

برطانوی اخبار نے اپنی اسی رپورٹ میں ریحام خان کی کتاب کا بھی ذکر کیا اور بتایا ہے کہ انہوں نے عمران پر سنگین الزامات عائد کیے۔ لیکن عمران نے الزامات کا جواب نہیں دیا۔ یاد رہے کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران کی پہلی شادی کی ناکامی پر بھی بات کی اور الزام عائد کیا کہ چونکہ جمائمہ یہودی تھیں، اس وجہ سے انہیں پاکستان میں سخت مشکلات پیش آ رہی تھیں اس لیے ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی۔ ریحام نے یہ بھی لکھا کہ عمران دراصل جمائمہ کی چھوٹی بہن سے شادی کرنا چاہتے تھے کیونکہ پہلے ان کی اسی سے دوستی تھی، لیکن پھر انہیں جمائما پسند آگئی۔ ریحام نے مزید دعوی ٰکیا تھا کہ عمران دراصل جمائما پر شک کرتے تھے اور ایک روحانی شخصیت کے مشورے پر انہیں طلاق دی تھی۔ تاہم برطانوی اخبار کے مطابق جمائمہ نے ریحام خان کے اس دعوے کو مسترد کردیا تھا۔

ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان سے ایک ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شادی سے پہلے میری عمران سے دوسری ملاقات تب ہوئی جب انہوں نے مجھے شادی سے پہلے اپنے گھر بلایا۔ چونکہ یہ ہماری دوسری ملاقات تھی اس لیے میں بہت گھبرائی ہوئی تھی اور پریشان تھی کہ آخر مجھے عمران نے اپنے گھر کیوں بلایا ہے۔ ہم نے کھانا کھایا جس کے بعد عمران نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ میں ڈر گئی اور سوچنے لگ گئی کہ میں نے اکیلے یہاں آنے کی غلطی کیوں کی۔ پھر میں نے دھکا دے کر عمران خان کو خود سے دور کیا اور بتایا کہ تم نے مجھے غلط سمجھا ہے۔ جواب میں عمران نے مجھے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ تم اس طرح کی لڑکی نہیں ہو اور اسی لیے میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ اس پر میں نے کہا کہ کیا آپ پاگل ہو گئے ہیں؟ میں آپ کو جانتی تک نہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم شادی کر لیں۔ تاہم اس واقعے کے چند ماہ بعد دونوں نے شادی کرلی تھی جو دس ماہ چلنے کے بعد ٹوٹ گئی۔

Back to top button