وزیر اعظم چرس سےدوا بنانےکی فیکٹری کھولنے کے خواہشمند نکلے

وزیرمملکت برائےانسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقےوادی تیراہ میں چرس سے دوا بنانےکی فیکٹری کھولی جائے۔
شہریارآفریدی کی ایک ویڈیوسوشل میڈیا پرتیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ لوگوں سے پشتو زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ وادی تیراہ میں چرس سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے۔
انہوں نےمزید کہا کہ ہر سال بڑی مقدار میں چرس اور افیون جلا دی جاتی ہے، دنیا کے دیگر ملک منشیات سے دوائیں بناتے ہیں، فیکٹری کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، اللہ کے فضل سے منشیات سے دوا بنانے کی فیکٹری تیراہ میں لگائیں گے۔
وزیرمملکت کے خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے تنقید کے ساتھ ساتھ طنزومزاح کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ دوسری جانب وزیرمملکت شہریار آفریدی نے وائرل ویڈیو پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پرجھوٹے الزامات کے ساتھ وائرل ہے، میں کوہاٹ میں اپنے قبائلی عوام کو بتارہا تھا کہ حکومت تیراہ اوردیگر قبائلی علاقوں میں نامیاتی دوائیں بنانےکے کارخانے لگائے گی۔


انہوں نےمزید کہا کہ بھنگ سے بننے والے تیل (ہیمپ آئل) کی فیکٹریاں لگائیں گے جس سے نوجوانوں کوروزگارملے گا اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے سیاسی مخالفین کے میڈیا سیل کے پاس اب جھوٹ بیچنے کے سوا کچھ نہیں بچا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرمملکت شہریار آفریدی کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدررانا ثناء اللہ کی گرفتاری و ضمانت پر رہائی کے معاملے پرمخصوص جملے ’جان اللہ کو دینی ہے‘ پربھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button