عمران پاکستان کو کھوکھلا کر گیا، وینٹی لیٹر پر ہے

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو کھوکھلا کر گیا ، اس کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے، ہم سجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ آخری سانسیں لے رہا ہے۔
صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا میں صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، میں صوابی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ آپ نے ہمیشہ (ن) لیگ کا ساتھ دیا، آپ نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کیا اور (ن) لیگ کو فتح دلائی۔
انہوں نے کہا جھوٹا خط اور سازش تو ایک بہانہ تھا، اصل مقصد کارکردگی چھپانا تھا، عمران خان کو نہ نواز شریف نے نکالا نہ کسی غیر ملکی سازش نے نکالا، عمران خان کو ان کے اپنے ایم این ایز نے نکالا، ان کے اپنے اراکین اسمبلی نے ان کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا,جس کا دامن کارکردگی سے خالی ہوپھرجھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے۔
مریم نوازنے کہا اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کی جان ان جھوٹوں سے چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کو جادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، اللہ کا شکر ہے کہ فتنہ بازوں، نا اہلوں اور قومی مجرموں سے قوم کی جان چھوٹی، شکر کہ پاکستان کے عوام پر مہنگائی کا قہر بن کر ٹوٹنے والوں سے جان چھوٹی، جس طرح سے پورے پاکستان کے عوام کی جان عمران خان سے چھوٹی ہے اسی طرح آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام کی جان بھی پی ٹی آئی سے چھٹنی چاہیے۔
انکا کہناتھاعمران خان رونا دھونا بند کریں، اپنی حکومت کی کارکردگی بتائیں، عمران خان بتائیں کہ 4 سال انہوں نے کیا کرتوت کیے،4 سالہ حکمرانی کرنے کے بعد ان کے پاس 4 سیکنڈز کی کارکردگی نہیں ہے بتانے کے لیے۔ عمران خان کو تحریک اعتماد سے نکالنا ضروری تھا، کیونکہ ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان کھائی میں گرنے جا رہا تھا، ان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان اس درخت جیسا ہوچکا جس کی کوئی جڑ سلامت نہیں، یہ پاکستان کو کھوکھلا کر گیا، عمران خان کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے۔
انہوں نے کہاہم سجھتے تھے کہ پاکستان آئی سی یو میں ہے مگر اب حکومت میں آنے کے بعد پتا چلا کہ پاکستان نہ صرف آئی سی یو میں ہے بلکہ وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان 4 سال عوام کے مسائل سے بے خبر رہا، 4 ہیلی کاپٹر میں گھومتا رہا، اس نے اپنے دور اقتدار میں توشہ خانے کو بھی نہیں بخشا، عمران خان ایسا مجرم ہے کہ 4 سال بنی گالا کو پالتا رہا، جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے گیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں کم از کم2 سے 3 سال سے لگیں گے۔
