عمران کی بہن اور بہنوئی نے 1 ارب کی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خرید لی

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور حکومت میں لیہ کے علاقے نواں کوٹ میں تب کے وزیر اعظم عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور انکے شوہر احد مجید خان کی جانب سے ایک ارب روپے مالیت کی 5200 کنال سے زائد قیمتی اراضی حکومتی اثر و رسوخ کی وجہ سے صرف چند کروڑ روپوں میں خرید لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ سما ٹی وی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور ان کے شوہر نے بزدار حکومت کا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے نواں کوٹ میں ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی اراضی صرف پونے 14 کروڑ روپے میں خرید لی۔
سماء ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی زاہد گشکوری نے دعویٰ کیا ہے کہ لیہ کے علاقے نواں کوٹ میں 5261 کنال راضی عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد مجید خان نے خریدی، اس کے لیے پہلے ایک ورک پلان تیار کیا گیا۔ عمران خان کے رشتہ داروں نے نواں کوٹ میں جہاں زمین خریدی اس علاقے سے ایک نہر نکلنی ہے، جسے اب ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی فنڈنگ سے کھلا اورپکا کیا جا رہا ہے گا جس کے بعد وہاں موجود زمین کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ لہذا عمران خان کی بہن اور انکے بہنوئی نے بھی اسی منصوبے کے تحت اس زمین کا انتخاب کیا، دونوں میاں بیوی نے دو مختلف انتقالوں کے ذریعے یہ زمین خریدی، جس کا ریٹ حکومتی دباؤ کی وجہ سے صرف 24 ہزار روپے فی کنال ادا کیا گیا۔
عظمی اور انکے شوہر احد نے زمین کا جو پہلا رقبہ خریدا وہ 3 ہزار 61 کنال پر مشتمل تھا اور اسکے لیے انہوں نے صرف 7 کروڑ 65 لاکھ روپے ادا کیے۔ اس کے بعد خریدی گئی دوسری زمین کا مجموعی رقبہ 2200 کنال کا تھا، یہ زمین بھی نہر والے علاقے میں خریدی گئی، سب سے اہم بات یہ ہے کہ کسی کو معلوم ہی نہیں کہ عمران کی بہن اور ان کے بہنوئی نے جو 52 سو کنال سے زائد اراضی خریدی ہے اس کا مالک کون تھا اور اسکا قبضہ کس کے پاس تھا۔ زاہد گشکوری کے مطابق جن کرداروں سے یہ زمین خریدی گئی ہے وہ بھی اہم ہیں، کیونکہ پہلے پچاس سال یہ موضع استعمال میں رہا ہے، لیکن پچاس سال تک ان زمینوں کا کوئی سٹیٹس نہیں تھا، لیکن پھر ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی مدد سے سے پکی کی جانے والی نہر کی وجہ سے اس اراضی کے مالکان کو ڈھونڈ کر ان سے یہ رقبے خریدے گئے۔ پہلے سات ماہ تک ان زمینوں کا کوئی انتقال پاس نہیں کرایا گیا، حالانکہ کہ تب پنجاب میں عثمان بزدار کی حکومت تھی، 9 ستمبر 2021 کو یہ زمین خریدنے کے بعد 23 مارچ 2022 کو انتقال پاس کرایا گیا ہے، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس 52 سو کنال زمین کی کل قیمت ایک ارب روپے سے زائد ہے جو عمران خان کے بہنوئی نے حکومت پنجاب کا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے کوڑیوں کے بھاؤ خرید لی ہے۔
