عمرہ ادائیگی کیلئے 14 روز کا انتظار ختم

عمرہ کی ادائیگی کے دوران اب زائرین کو بکنگ کے بعد 14 روز کا انتظار نہیں‌ کرنا پڑے گا بلکہ عمرہ اور نماز کے لیے مسجد الحرام کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پلاننگ اینڈ اسٹریٹیجی آفیسر ڈاکٹر عمرو المدہ نے بتایا کہ عمرہ کے لیے دستیاب تاریخوں کی مانگ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے وزارت نے یہ سہولت پیش کی تھی تاہم یہ شرط اب ضروری نہیں اور زیادہ مانگ کی وجہ سے سب کے لیے ایک مناسب موقع حاصل ہوگا۔

کرونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد حرمین شریفین میں پہلی مرتبہ سماجی فاصلے کے بغیر اور مکمل گنجائش کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی ، عمرہ زائرین کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم افراد کی بڑی تعداد نے حرم کا رخ کیا۔

ڈیڑھ سال بعد 17 اکتوبر کو سعودی حکام نے کرونا پابندیاں نرم کرتے ہوئے مسجد الحرام میں فاصلے کی نشاندہی کرنے والے سٹیکرز اور خانہ کعبہ کے اطراف پابندیاں ہٹا دی تھیں ، مکہ معظمہ کے ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ اور بازاروں میں بھی لوگوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

عمرہ زائرین کو ہوائی اڈوں سے وصول کرنے، ہوٹلوں میں ان کے قیام اور طعام کے انتظام، مسجد الحرام میں ان کی آمد ورفت اور نگرانی کے لیے ’اعتمرنا‘ نامی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں عمرہ زائرین کے لیے مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کردہ ڈھائی لاکھ سے زائد کمرے عازمین عمرہ کے لیے مختص کیے گئے ہیں جہاں نہ صرف بیرونِ ملک بلکہ اندرونِ ملک سے آنے والے عازمین بھی قیام کرسکتے ہیں۔

Back to top button