عمر اکمل نے بھی پابندی کیخلاف عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے ڈیڑھ سالہ پابندی کے فیصلے کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر دی ہے۔ نجی خبر رساں ادارے کے مطابق عمر اکمل نے ڈیڑھ سالہ پابندی کے فیصلے کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈیڑھ سالہ پابندی کو ختم کیا جائے۔
عمر اکمل کے وکیل کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کو انصاف کا موقع فراہم نہیں کیا گیا اور اس کیس میں انہیں دفاع سے محروم رکھا گیا۔
یاد رہے کہ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کو 2 مختلف مقامات پر فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی تاہم انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اینٹی کرپشن یونٹ کو اس حوالے سے بروقت آگاہ نہیں کیا تھا جس پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 5ویں سیزن سے ایک روز قبل ان پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈسپلنری پینل نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو 3 برس کی پابندی کی سزا سنائی تھی جسے کرکٹر عمر اکمل نے چیلنج کیا تھا۔ سزا کے خلاف اپیل پر پی سی بی کے آزاد ایڈجیوڈیکٹر کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے فکسنگ کیس میں عمراکمل کی سزا 3سال سے کم کرکے ڈیڑھ سال کر دی تھی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے بھی کرکٹر عمراکمل کی سزا میں کمی کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر رکھی ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل اور تکلیف دہ فیصلہ تھا، سزا میں کمی کے فیصلے پر کچھ تحفظات تھے کہ عدالت ہمدردی کے تحت کسی کی سزا میں کمی کیسے کر سکتی ہے؟۔
