عمر شریف امریکہ کے راستے میں نمونیا کا شکار ہوگئے

کامیڈی کنگ عمر شریف کا دل کے آپریشن کی خاطر امریکہ پہنچنا مزید تاخیر کا شکار ہوگیا ہے کیونکہ وہ نمونیا کا شکار ہوگئے ہیں۔ دو روز قبل امریکا روانہ ہونے والے عمر شریف تاحال جرمنی کے ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور انہیں نمونیا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث آج ان کی امریکا روانگی مؤخر کی جا رہی ہے۔ عمر شریف اس وقت جرمنی شہر نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
عمر شریف کا امریکا میں علاج کرنے والی ٹیم کے رکن پاکستانی نژاد ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا ہے کہ جرمنی میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے مزید 2 روز تک ان کا علاج جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، انہیں اب بخار نہیں ہے جبکہ ان کا بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے اور ان کے مزید ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں عمر شریف کو نمونیا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد ان کو اینٹی بائیوٹیک ڈوز کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ ڈاکٹر طارق کے مطابق نیورمبرگ نارتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ عمر شریف مزید 2 دن تک زیرِ علاج رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیورمبرگ نارتھ ہسپتال کے ڈاکٹرز کی اجازت سے ہی عمر شریف کو امریکا کے لیے روانہ کیا جائے گا۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ عمر شریف کو امریکا لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث کمپنی کی جانب سے متبادل طیارہ فراہم کیا جائے گی لیکن ان کی جرمنی سے روانگی اب نمونیا کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ ایئر ایمبولینس کمپنی کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ طیارے کی مین لائٹ میں پہلے سے تکنیکی خرابی ہے جس کی بنیاد پر طیارے میں نائٹ لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولت عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے۔ دوسری جانب جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قونصل جنرل نے ہسپتال میں داخل عمر شریف کی عیادت کی۔ قونصل خانے کے مطابق جرمنی میں موجود پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل کی ہدایت پر قونصل جنرل زاہد حسین نے ہسپتال کا دورہ کیا اور عمر شریف کی اہلیہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کو ان کے شوہر کے علاج سے متعلق ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
خیال رہے کہ عمر شریف 2 روز قبل بذریعہ ایئر ایمبولینس علاج کے لیے امریکا روانہ ہوئے تھے تاہم طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں پہلے اسٹاپ اوور جرمنی کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ سوا 7 گھنٹے کے مسلسل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہوگیا تھا۔ دوسری جانب عمر شریف کو ہسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد ان کی اہلیہ کو ہنگامی ویزے کی ضرورت پڑی تھی جس کے لیے انہیں پولیس سے رجوع کرنا پڑا تھا۔ چنانچہ زرین غزل نے 4 گھنٹے نیور مبرگ ایئرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارے۔ خیال رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے کم از کم ایک ہفتہ قبل امریکا روانہ ہونا تھا مگر ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد، اداکار کے ویزا کے اجرا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کی شب کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی تھی مگر پھر اداکار کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی روانگی مؤخر کردی گئی تھی اور وہ 27 ستمبر کو روانہ ہوئے تھے۔ عمر شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں عارضہ قلب کے علاوہ گردوں کے امراض کا بھی سامنا ہے جب کہ انہیں ذیابطیس بھی ہے۔
