خیبرپختونخوا : لکی مروت کے بازار میں دھماکہ، خاتون سمیت 7 افراد شہید

 

 

 

 

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں نورنگ ریلوے پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔

پولیس کےمطابق دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب بارودی مواد کا ہوسکتا ہے، لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا جارہا ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں 7 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کےمطابق سرائے نورنگ بم دھماکے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے،ایل ایچ سی راحت اللہ اور عادل جان دونوں دھماکے میں شہید ہوئے،ریسکیو 1122 نےجاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار دھماکہ میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کےلیۓ تمام متعلقہ ادارے اور حکومت غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور انداز میں کام کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں روکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف اس جدو جہد میں بیش قدر قربانیاں دی ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لکی مروت میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بےگناہ افراد کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ صوبائی حکومت قانون کی حکمرانی اور پائیدار امن کےلیے سنجیدہ قابل عمل اقدامات اتھائے، معصوم افراد کا خون بہانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گرد صوبہ کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سرائے نورنگ بازار پھاٹک میں دھماکے کا نوٹس لےلیا اور آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور 5 شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے،شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

دوسری طرف سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

لکی مروت کے عوام میں خوارج کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

 

Back to top button