غریب عوام کو ثمر ملنے کا وقت آ گیا
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ ماضی میں کبھی بھی غریب تک اس کا حق نہیں پہنچنے دیا گیا لیکن اب غریب کو ثمر ملنے کا وقت آ گیا ہے، اب ایک ایسا شخص آیا ہے جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتا ہے اور غریبوں کے لیے اقدامات کو ترجیح رکھتا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کامیاب پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے غریب عوام کے لیے آج ایک بہت بڑا دن ہے، 74 سال میں بھی غریب عوام کو گھر، روٹی، پانی اور کپڑے کے خواب ہی دیکھائے جا رہے ہیں۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اب ایک شخص آیا ہے جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتا ہے، اس کا ماننا ہے کہ ہم معیشت کو ضرور ترقی دیں گے، عمران خان نے مجھے کہا کہ ہم تمام طبقات کے افراد کو ترقی دیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان نے ہدایت دی کہ غریب کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں کہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کا موقع نہ ملے، حکومت جو انہیں وظیفہ دیتی ہے وہ بھی ان کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ کچھ ادارے ہیں جو چھوٹے قرضے دے سکتے ہیں اور بہت سے لوگ کئی سالوں سے اس طرح کے قرضے دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ فصل کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، یعنی سال کی دونوں فصلوں کے لیے 3 لاکھ روپے جبکہ زراعت کے ساز و سامان کے لیے 2 لاکھ روپے کا قرض دیا جائیگا۔
