فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر

پی ٹی آئی کے فیصل آباد سے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا ہے۔ فرخ حبیب کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔
فرخ حبیب تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، اور میڈیا پر اپنی جماعت کی نمائندگی کرتے نظر آتے ہیں، وہ پی ٹی آئی کی طلبہ تنظیم انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے صدر بھی رہے ہیں، جب کہ 2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ہی وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری سے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت سے ہٹا کر ان کو وزارت اطلاعات کی ذمہ داری دی تھی، جب کہ وفاقی حماد اظہر سے وزارت خزانہ اور عمر ایوب سے وزارت توانائی کا چارج واپس لے کر شوکت ترین کو وزیر خزانہ حماد اظہر کو وزارت توانائی، عمر ایوب کو وزیر اقتصادی امور اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کو وزیر صنعت و پیداوار کے قلمدان سونپے گئے تھے۔
