فن لینڈ کی وزیراعظم کا ڈانس ویڈیو کے بعد تصویر کا تنازعہ


اپنی رہائش گاہ پر ایک ڈانس پارٹی کرنے کی وجہ سے تنقید کی زد میں آنے والی فن لینڈ کی وزیراعظم سانا مارین نے اپنی متنازع تصویر پر عوام سے معافی مانگ لی ہے، 36 سالہ خاتون وزیراعظم کو اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا۔ فن لینڈ کے میڈیا میں زیر گردش تصویر میں 2 خواتین کو بوسہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، تصویر میں دکھایا گیا تھا کہ خواتین اپنے جسم کو دکھانے کے لیے اپنے کپڑے اوپر اٹھاتی ہیں اور اپنی چھاتیوں کو ایک سائن سے ڈھانپتی ہیں جس پر ’’فن لینڈ‘‘ لکھا ہوا ہوتا ہے۔

وزیر اعظم سانا مارین نے تصدیق کی کہ یہ تصویر کیسرانٹا میں واقع ان کی سرکاری رہائش گاہ پر لی گئی تھی جبکہ وہ 8 سے 10 جولائی تک منعقد ہونے والے میوزک فیسٹیول میں شریک تھیں۔ سانا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ تصویر مناسب نہیں ہے، میں اس پر معذرت چاہتی ہوں، اس طرح کی تصویر نہیں لی جانی چاہئے تھی، سانا مارین نے کہا کہ وہ شام گزارنے اور سکون حاصل کرنے کی غرض سے اپنی رہائش گاہ پر اپنے دوستوں کے ہمراہ انجوائے کر رہی تھیں۔ یہ تصویر سب سے پہلے مس فن لینڈ مقابلے میں شرکت کرنے والی سوشل میڈیا سرکلز کی بااثر خاتون نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر جاری کی، فن لینڈ کے سب سے بڑے اخبار کے ایک اداریے میں اس معاملے پر کہا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ سانا مارین خود اپنے قابو میں نہیں اور ان کی نجی زندگی کی مزید ایسی متنازع تصاویر اور ویڈیوز عوامی سطح پر ان کا کردار ختم کرسکتی ہیں۔ سانا مارین گزشتہ ہفتے تب دنیا بھر کے میڈیا کی سرخیوں میں آ گئی تھیں جب ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں انہیں اپنے دوستوں اور مشہور شخصیات کے ایک گروپ کے ساتھ رقص کرتے ہوئے ایک پارٹی میں شریک دکھایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اپنی رہائش گاہ پر ڈانس کرنے کی ویڈیو پر شدید تنقید کے بعد فن لینڈ کی وزیراعظم نے اپوزیشن کے طعنوں سے بچنے کے لیے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی، وزیراعظم کے خصوصی مشیر نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ وزیراعظم سنا مارین پر مختلف ڈرگ کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کے باعث ان سے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ 19 اگست 2022 کو لیے گئے ڈرگ کے ٹیسٹ میں ڈرگ کی موجودگی کا انکشاف نہیں ہوا، وزیراعظم سنا مارین نے ڈرگز کے استعمال کی تردید کی تھی، شبہات کو دور کرنے کے لیے ٹیسٹ کروایا جو منفی آیا۔

اس سے قبل 2021 میں کوویڈ 19 کی وباء کے دوران بھی انہیں پارٹی کرنے کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، یاد رہے کہ سنا مارین نے دسمبر 2019 میں فن لینڈ کی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا اور اب تک انہیں اپنی جماعت کا اعتماد حاصل ہے۔

Back to top button