فواد چوہدری، علی زیدی اور عامر لیاقت سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل

الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت اور خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی۔
مالی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے، جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، علی زیدی، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹرعامر لیاقت حسین اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں، جب کہ 3 سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 48،کے پی اسمبلی کے 26 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے، جب کہ بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے، اور ان میں سردار یار محمد رند اور اختر لانگو بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے سے سنیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے، اور گوشوارے جمع کروانے تک رکنیت معطل رہے گی۔
جبکہ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے رکنیت معطل کرنے پر حیرانی کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر وفاقی وزیر فواد چوہدری اور علی زیدی سمیت 154 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کی ہے۔اس حوالے سے اپنے بیان میں علی زیدی کا کہنا تھا کہ اپنے ٹیکس ریٹرن 28 دسمبر 2020 کو جمع کرا دیے تھے جبکہ اثاثوں کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں 5 جنوری کو جمع کروا چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا معطلی کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے تین سینیٹرز ، 48 ارکان قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی کے 52، سندھ اسمبلی کے 19، خیبر پختونخوا کے 26 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے۔
