فیصل واوڈا نے سعدیہ افضال کے ساتھ دوسری شادی پبلک کر دی

فیصل واوڈا کے سینیٹر بننے کے فورا بعد انکی دوسری خفیہ شادی کا بھید بھی کھل گیا ہے اور یہ بات اب پبلک ہو گئی ہے کہ انہوں نے ٹیلی وژن اینکر سعدیہ افضال کو اپنی دوسری شریک حیات بنا رکھا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سعدیہ افضال اور فیصل واوڈا نے دو سال قبل شادی کی تھی تاہم اسے خفیہ رکھا گیا اور میڈیا پر ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔ سعدیہ افضال کی جانب سے یہ شادی اُس وقت ظاہر کی گئی جب فیصل واوڈا 3 مارچ کو سینیٹر منتخب ہوئے اور انہوں نے اپنی ایک مشترکہ تصویر سوشل میدیا پر شئیر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ دوہری شہریت کیس میں قومی اسمببلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیئے جانے کے خدشے کے پیش نظر فیصل واوڈا نے سینیٹ انتخابات میں حصہ لیا اور سینیٹر منتخب ہوچکے ہیں تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ 2018 میں الیکشن کمیشن میں امریکی شہریت چھوڑنے سے متعلق جعلی حلف نامہ جمع کروانے کی وجہ سے الیکشن کمیشن ان کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے لہذا قوی امکان ہے کہ ان کی سینیٹ کی نشست بھی چھن جائے گی۔
لیکن فیصل اور سعدیہ کی شادی کا باقاعدہ انکشاف تب ہوا جب واوڈا نے سینیٹ کا انتخاب لڑنے کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائے گئے حلف نامے میں سعدیہ کو اپنی دوسری بیوی ظاہر کیا۔ فیصل واوڈا کی پہلی بیوی نازل واوڈا سے تین بیٹیاں الیزے واوڈا، شنایا فیصل اور میشا فیصل ہیں۔ اس سے پہلے اپریل 2019 میں یہ خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں کہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں این اے 249 میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شکست سے دوچار کرنے والے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے نیوز چینل 92 نیوز کی معروف اینکر پرسن سعدیہ افضال سےشادی کرلی ہے۔ تب یہ بھی کہا گیا کہ فیصل واوڈا پہلے سے شادی شدہ ہیں اور یہ ان کی دوسری شادی ہے۔ اس حوالے سے صحافی سید عون شیرازی کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس کے بعد فیصل واڈا کی دوسری شادی سے متعلق بحث چھڑ گئی تھی۔
تب کہا گیا کہ فیصل واوڈا بھی ن لیگ کے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے نقش قدم پر چل پڑے اور خوبرو خاتون اینکر سے شادی کرلی۔ واضح رہے کہ لوہے کے چنے والے ڈائیلاگ سے شہرت پانے والے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی پی ٹی وی کی پروگرام اینکر ڈاکٹر شفقِ حرا سے شادی کررکھی تھی جس کا بھانڈا تب پھوٹا جب انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت ڈاکٹر شفق حرا کو مجبوراً اپنی دوسری بیوی ظاہر کیا۔
بہرحال 2018 میں تحریک انصاف کے رہنماؤں نے فیصل واوڈا اور سعدیہ افضال کی شادی کی خبروں پر سخت ردعمل دیا تھا اور کہا تھا کہ میڈیا کو بغیر تحقیق جھوٹی خبریں نہیں چلانی چاہیے۔ تب سے ابتک واوڈا کی سعدیہ سے شادی کے حوالے سے بہت ساری خبریں گردش کرتی رہیں تاہم دونوں نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی اور اپنی شادی کو ظاہر نہیں کیا۔ لیکن جب 3 مارچ فیصل واوڈا سندھ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تو اینکر پرسن سعدیہ افضال نے انہیں پیار بھرے انداز میں مبارکباد دی۔
سعدیہ افضال نے فیصل واوڈا کے ساتھ خوبصورت تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ’مبارک ہو سینیٹر صاحب ‘۔ اس پوسٹ کے سامنے آنے کے کچھ ہی دیر بعد کمنٹس کی بھرمار لگ گئی اور صارفین کی جانب سے یہ کہا جانے لگا کہ دونوں نے شادی کر لی ہے لیکن دونوں کی جانب سے ہی اس بارے میں کوئی تردید کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تصدیق کی گئی تاہم سعدیہ افضال نے صا رفین کے کمنٹس پر کچھ اس انداز میں جواب دینا شروع کیا جس سے یہ ظاہر ہونے لگا کہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ سعدیہ افضال کے ٹویٹ پر جہاں لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا وہیں انہیں مبارکباد بھی دی،جبکہ اینکر پرسن کی جانب سے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے بھی خوبصورت جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہت بہت مبارک آپ دونوں کو۔
سعدیہ افضال کی دیکھا دیکھی اینکر مدیحہ نقوی نے بھی سوشل میڈیا صارفین کو ایک بار پھر یاد دلایا کہ وہ ایم کیو ایم کے رہنما اور نو منتخب سینیٹر فیصل سبزواری کی بیوی ہیں۔ انہوں نے بھی ٹویٹ میں اپنے شوہر کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button