پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں سرخرو رہی: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔ پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن،استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کےلیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ اور چینی سفارت خانے کے حکام کی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو99 ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کےلیے پی ایل اے کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے،پاک چین دوستی بدلتے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پی ایل اے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تذویراتی مفادات کے تحفظ کےلیے حقیقی شراکت دار ہیں۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اظہارتشکر کیا اور دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
پاکستان کا غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کا خیرمقدم
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت اور دو طرفہ سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
