لال حویلی خالی کروانے کیلئے میری لاش سے گزرنا ہوگا

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے لال حویلی خالی کروانے کے لئے میری لاش کے اوپر سے گزرنا پڑے گا۔
شیخ رشید کی جانب سےسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کیا گیا ہے، جس میں وہ لال حویلی خالی کروانے کے کیس سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔
انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جوان میں انکا کہنا تھا یہاں لڑائی عمارتوں سے شروع ہوتی ہے، ایف بی آر بلا رہی ہے، لال حویلی کے لئے میری لاش پر سے گزرنا پڑے گا، میں بچپن میں لال حویلی کے نیچے ایک چائلڈ لیبر کے طور پر کتابیں بیچتا تھا، میں نے یہاں جھنڈا لہرایا، میں یہ جھنڈا کہیں بھی لہرا سکتا تھا۔
شیخ رشید نے کہا میں نے عام آدمی کی حیثیت سے پاکستان کی سیاست میں قدم رکھا، مجھ سے زیادہ کسی نے جیل نہیں کاٹی، ختم نبوت ﷺ ہو، کلاشنکوف کی 7 سال قید ہو، کورٹ مارشل ہو، میں پاکستان کا واحد زندہ سیاستدان ہوں۔
انٹرویو کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینے کے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ اس لئے کھڑا ہوں کیونکہ میں نسلی اور اصلی ہوں۔
دریں اثنا ٹویٹر پر ہی اپنے پیغام میں سربراہ عوامی مسلم لیگ لکھا ہے کہ راولپنڈی میں ہونے والی میٹنگ پاکستان کیلئے خوش آئند ثابت ہوگی، حکومت نے ملک کا سیاسی اور معاشی دیوالیہ نکال دیا ہے، اسمبلی کی عزت نہ ہو تو ٹرن آؤٹ کم ہوتا ہے، ہمیں اسمبلی اس لئے لانا چاہتے ہیں کہ نوازشریف کی تاحیات نااہلی پرڈیل ہوسکے، 10 روز میں فائنل رائونڈ ہوگا۔
شیخ رشید نےکہا ریاستی ادارے مظلوم عوام کے ساتھ ہوتے ہیں، ظالموں کے نہیں، رانا ثناء اللہ حکومت کو لے ڈوبے گا، اسحاق ڈار کو IMF اور دنیا سے کچھ نہیں ملا نہ ڈالر ہے نہ تنخواہ دینے کے پیسے ہیں، اکتوبر نومبر فیصلہ کن ہوگا، لانگ مارچ یا الیکشن کی تاریخ،ایک کا ہونا ضروری ہے، بجلی کے بعد سردیوں میں گیسں کا بحران سر پرآگیا۔
