لانگ مارچ میں انتشار ہوا تو گھر سے نہیں نکلنے دونگا

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا للہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر لانگ مارچ میں‌ انتشار ہوا تو پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گھروں سے نکلنے نہیں دوں گا، مسجد نبوی واقعے پرمذہبی طبقہ سراپا احتجاج ہے، اس واقعے میں ملوث لوگوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
رانا ثنا للہ نے لاہور میں‌ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبرنے اسلام آباد پولیس کے افسر سے رابطہ کرکے مجھ پرکیس کرنےکے منصوبے سے آگاہ کیا، پولیس افسر نے انکار کیا تو اے این ایف سے مینج کروایا گیا، اگرمیں نے اتنے قتل کیے ہیں تو میرے خلاف ہیروئن کا جھوٹا کیس کیوں بنایا؟
وزیر داخلہ نے عمران خان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی حرکتوں سے بازآئیں، آپ اپنے کارکنوں کو سیاسی قائدین کے خلاف اکساتے رہے تو آپ بھی ردعمل سے نہیں بچ سکتے، اگر باز نہ آئے تو ہمیں اپنے کارکنوں کوکہنا پڑے گا کہ کہیں بدتمیزی ہو تو ان کوپکڑیں اورمرمت کریں، اپنے کارکنوں کی مرمت کروانا چاہتے ہیں توکروالیں لہٰذا سیاسی قائدین کی عزت کریں۔
رانا ثنا للہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کہتے تھے جیل ان کا سسرال اورہتھکڑی زیور ہے، شیخ رشید جیل آپ کا سسرال ہے تو سسرال جانے سے گھبراتے کیوں ہو؟ انہوں نے عدالت میں ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دے رکھی ہے جس میں کہا ہے کہ انہیں گرفتاری کا ڈر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہتےہیں لانگ مارچ خونی لانگ مارچ ہوگا، اگرتم نےلانگ مارچ پرامن ہونےکا نہ کہا تو تمہیں گھرسے نکلنے نہیں دوں گا، تم لوگوں کو آگ لگانے کی ترغیب دے رہے ہو، انتشار،افراتفری کی منصوبہ بندی کروگےتو تمہیں گھرسےنہیں نکلنے دوں گا۔عمران خان نے عوامی فلاح کا کوئی کام نہیں کیا جب کہ عثمان بزدار صرف نام کے وزیراعلیٰ تھے، ان کو فرح کے ذریعے حکم دیا جاتا تھا۔

Back to top button