لاہور میں سات جون سے اسکول کھولنے کا اعلان

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ لاہور میں سات جون کو اسکول کھول دیے جائیں گے جب کہ جون سے پہلے پہلے تمام اساتذہ اور دیگر عملے کی ویکسینیشن مکمل کر دی جائے گی جس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے بتایا کہ کوشش ہے کہ گرمی کی چھٹیاں کم سے کم ہوں۔ ان کے بقول بہت ہوگئیں چھٹیاں، بچوں کا بہت وقت ضائع ہوا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ چھٹیاں کتنی ہوں گی تو ان کا کہنا تھا کہ دو سے تین ہفتے یا پھر اس سے بھی کم ہو سکتی ہیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیسے پتہ چلے گا کسی ٹیچر نے ویکیسن لگوائی ہے یا نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کے ذریعے ویکسینیشن ہو گی، ہمارے پاس پورا ڈیٹا موجود ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاہور میں 16 ہزار ٹیچرز اور چار ہزار نان ٹیچر اسٹاف ہے۔ اس موقع پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 35 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ بقول ان کے یومیہ ڈیڑھ لاکھ ویکسینز لگانے کا ہدف ہے۔ جو لوگ ویکسین نہیں لگوانا چاہتے ان کے ساتھ کیا معاملہ ہوگا؟ اس سوال پر مراد راس نے کہا کہ انہیں قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے باوجود بھی ویکسین نہ لگوانے کے حوالے سے استفسار پر ان کا کہنا تھا کہ زبردستی تو نہیں کی جا سکتی، بات چیت کے ذریعے ہی قائل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں جمعے کو این سی او سی کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ امتحانات کے محفوظ انعقاد اور تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول یقینی بنانے کےلیے 18 سال سے زائد اساتذہ کے لیے ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، وہ شناختی کارڈ اور ادارے کے سربراہ کا مصدقہ لیٹر ساتھ لے کر کسی بھی ویکسینیشن سینٹر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

Back to top button