کیا حریم فاروق نے خفیہ شادی کر لی؟

معروف اداکارہ حریم فاروق نے کہا ہے کہ وہ جیسے ہی کچھ عرصے کے لیے اسکرین سے دور ہوئیں تو ان کی شادی کی افواہیں پھیلائی گئیں اور لوگ ان سے فون کرکے شادی سے متعلق پوچھنے لگے ہیں۔
حریم فاروق کو آخری مرتبہ ٹی وی یا فلموں میں 2019 میں دیکھا گیا تھا ۔
حال ہی میں حریم فاروق نے اداکار و موسیقار گوہر ممتاز کے ہمراہ ’ٹائم آؤٹ ود احسن‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اسکرین سے دور رہنے کی وضاحت بھی کی اور ساتھ ہی بتایا کہ ان کی شادی کی افواہیں تک پھیلائی گئیں۔
حریم فاروق نے بتایا کہ وہ جلد ہی گوہر ممتاز کی پروڈیوس کردہ فلم میں دکھائی دیں گی، جس میں وہ ایک خصوصی گانے پر بھی پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ جلد ہی کرکٹ پر بنائے گئے ڈرامے میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، جس کی وہ خود شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔
حریم فاروق نے بتایا کہ انہوں نے شوبز میں آنے کے فوری بعد ہی پروڈکشن میں آنے کا فیصلہ کرلیا تھا، تاکہ وہ صرف اداکاری پر اکتفا نہ کریں۔
ایک سوال کے جواب میں حریم فاروق نے بتایاکہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اس لیے اسکرین سے غائب رہیں، کیوں کہ ان کی والدہ علیل تھیں اور انہوں نے ان کی دیکھ بھال کی۔
اداکارہ نے تصدیق کی کہ اب ان کی والدہ روبہ صحت ہیں اور انہوں نے اسکرین پر واپسی کرلی ہے۔
میزبان کی جانب سے ’منگنی‘ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر حریم فاروق نے واضح کیا کہ ان کی منگنی نہیں ہوئی، یہ سب افواہیں ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اسکرین سے دوری کے بعد لوگوں نے سمجھا کہ شاید حریم فاروق نے شادی کرلی ہے اور بہت سارے لوگوں نے انہیں فون کرکے ان سے شادی سے متعلق پوچھا۔
حریم فاروق نے بتایا کہ ان کی منگنی اور شادی کا کوئی پروگرام نہیں ہے لیکن اسکرین سے دوری پر نہ جانے کیوں لوگوں نے سمجھا کہ انہوں نے شادی کرلی۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ علی رحمٰن صرف ان کے اچھے دوست ہیں۔
حریم فاروق کے مطابق انہوں نے اور علی رحمٰن نے یکے بعد دیگر ڈراموں اور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے تو لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ ہر وقت ساتھ رہتے ہیں، تاہم ایسا نہیں ہے۔
