ماسک کے باوجود درست شناخت کرنے والا نظام

امریکا کے ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی (ڈی ایچ ایس) نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ایسی شناختی ٹیکنالوجی تیار کروا لی ہے جس کے ذریعے کورونا وائرس سے بچاؤ کا ماسک پہننے والوں کو بھی 96 فیصد درستی سے شناخت کرسکتا ہے۔
عالمی کورونا وبا کے باعث دنیا بھر حفاظتی ماسک پہننا لازمی قرار دیا جاچکا ہے لیکن ہوائی اڈے یا ایسی دوسری جگہیں کہ جہاں داخل ہونے سے پہلے شناخت کروانا ضروری ہو، ماسک اتارے بغیر کوئی چارہ نہیں رہتا۔ لہٰذا ان مقامات پر کورونا پھیلنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ دوسری جانب جرائم پیشہ افراد بھی ایسے ہی ماسک پہن کر کارروائی کرتے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمرے میں نظر آجانے کے باوجود بھی انہیں شناخت نہیں کیا جاسکتا۔ جدید ترین شناختی ٹیکنالوجی ان ہی مسائل کا ایک حل ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق، ڈی ایچ ایس نے اس ٹیکنالوجی کے تحت بنائے گئے مختلف نظاموں کی آزمائشیں کیں جو دس دن تک جاری رہیں۔
ان آزمائشوں میں 60 ممالک سے تعلق رکھنے والے 582 رضاکار شریک ہوئے جنہیں ماسک سمیت شناخت کرنا تھا۔ ان نظاموں کی بہترین کارکردگی 96 فیصد جب کہ ’درمیانی‘ کارکردگی 77 فیصد معلوم ہوئی۔ ڈی ایچ ایس میں ’بایومیٹرک اینڈ آئیڈنٹیٹی سینٹر‘ کے ڈائریکٹر ارون ویموری نے اعتراف کیا ہے کہ اگرچہ یہ نظام غلطیوں کے امکانات سے مکمل طور پر پاک نہیں لیکن پھر بھی یہ قابلِ استعمال ضرور ہیں جنہیں ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشن کے علاوہ حساس تنصیبات پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جب کہ ماسک پہنے ہوئے مجرموں کی شناخت میں بھی ان ہی نظاموں سے مدد لی جاسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button