متنازعہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو ترقی دینے کا فیصلہ

سینٹرل سلیکشن کمیٹی نے سی سی پی او لاہور سمیت مختلف پولیس افسران کو ترقی دینے کا فیصلہ کر لیا۔
سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس چار جنوری کو طلب کیا گیا جس میں اعلیٰ پولیس افسران کو ترقی دینے بارے غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور شیخ محمد عمر کو بھی ترقی دینے پر غور کیا جائے گا جبکہ غلام محمود ڈوگر، احمد اسحاق جہانگیر، منصور الحق رانا، عمران یعقوب، جہانزیب نذیر، امین بخاری، عبدالغفار قیصرانی، رائے اعجاز احمد، صادق علی ڈوگر، شعیب جانباز اور ذیشان اصغر کو ترقی دینے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سی سی پی او عمر شیخ نے کم عرصہ میں اپنے متنازع اور غیر محتاط بیانات کی وجہ سے شہرت حاصل کی۔سی سی پی او عمر شیخ کے خلاف محکمہ پولیس میں افسران کی کئی شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں۔ سی سی پی او عمر شیخ اور ایس پی سی آئی کے مابین شدید تلخ کلامی بھی ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ حکومت پنجاب نے چار پولیس افسران کو ایس پی کے عہدہ پر ترقی دی ۔ ترقی پانے والے افسران میں زوہیب نصراللہ رانجھا ، کامران حامد ، بشری جمیل اور عمارہ شیرازی شامل ہیں جن کو ایس پی کے عہدہ پر ترقی دی گئی ہے۔ محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سےچاروں افسران کی ترقی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ ترقی پانے کے بعد بھی مذکورہ پولیس افسران پنجاب میں ہی فرائض سرانجام د ے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button