محمد حفیظ نے کورونا کا ٹیسٹ منفی آنے کا دعویٰ کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کورونا کے مثبت ٹیسٹ کے اعلان کے ایک دن بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا اور ان کے اہلخانہ کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے نامزد کھلاڑیوں میں سے 7 کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جن میں فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ اس کے بعد دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب اسکواڈ میں سے مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آ گئے تھے جنہیں قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
https://twitter.com/MHafeez22/status/1275689746765840395
تاہم آج قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ان کا اور ان کے اہلخانہ کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر بتایا کہ انہوں نے دوسری رائے اور اطمینان کے لیے ذاتی حیثیت میں ٹیسٹ کرانے گئے اور میرا اور میرے تمام اہلخانہ کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے، خدا ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
حفیظ کی جانب سے کی گئی اس ٹوئٹ پر ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
