مفتاح اسماعیل الیکشن مہم میں ٹافیاں کیوں بانٹنے لگے؟

پاکستانی سیاستدان الیکشن میں کامیاب ہونے اور عوام کی توجہ کا مرکز بننے کے لیے مختلف انداز اپناتے ہیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ ووٹ مل سکیں۔
لیکن الیکشن مہم میں عوام کو لولی پاپ دینے کا آئیڈیا پرانا ہو گیا ہے، اب الیکشن مہم میں عوام کو ٹافی دی جائے گی۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کراچی کے حلقے این اے -249 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران عوام کی توجہ کے لیے نیا انداز لائے ہیں اور وہ سب کو ٹافی دے رہے ہیں جس پر ان کی تصویر، نام اور حلقہ موجود ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کراچی کے انتخابی حلقے این اے 249 کی انتخابی مہم کے دوران عوام میں اپنی تصویر والی ٹافیاں تقسیم کیں۔اس حوالے سے سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حلقے کے بچوں اور عوام میں مفتاح اسماعیل نے خود ٹافیاں تقسیم کیں۔ ن لیگ کے امیدوار نے اپنی مشہوری کے لیے ٹافی ریپر پر اپنی تصویر بھی چھپوائی ہے۔ ریپر کے ایک طرف انھوں نے اپنی تصویر کے ساتھ اوپر اردو میں مفتاح کا لفظ بھی چھپوایا ہے۔ٹافی کے ریپر کی دوسری طرف انتخابی حلقے این اے 249 کے الفاظ کے ساتھ پارٹی کا نام پاکستان مسلم لیگ ن بھی چھاپا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل ٹافی اور بسکٹ بنانے والی فیکٹری کے مالک ہیں۔ ضمنی انتخابی مہم کے اس منفرد خیال پر مفتاح اسمٰعیل کریٹیو مارکیٹنگ کے لیے داد کے مستحق ہیں کہ اب تک ایسا کسی نے شاید دیکھا نہ ہو۔مفتاح اسمٰعیل کی جانب سے مہم کے دوران ٹافی دینے پر جہاں لوگ حیران ہوئے وہیں ان کے اس انداز کو سراہا بھی گیا۔
علی ڈار نے ٹوئٹ کی کہ مفتاح اسمٰعیل دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کررہے ہیں، مفتاح ٹافی کھائیں، شیر پر ٹھپہ لگائیں۔ سعد نامی صارف نے بھی مزاحیہ انداز میں مفتاح کینڈی لکھ کر ٹوئٹ کی۔ اینکر پرسن فریحہ نے اسے جدت قرار دیا۔ دعا ندیم نے بھی اس ٹافی کو مفتاح کینڈی قرار دیا۔آر زی نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ کینڈی لینڈ مفتاح اسمٰعیل کی ہے، یہ مفتاح کینڈی ہے۔لیکن اتنی کریٹویٹی کے باوجود مفتاح اسمٰعیل، اپنے مخالف امیدوار ایاز موتی والا کی کامیڈی مارکیٹنگ کے قریب بھی نہیں پہنچ سکے ہیں جو مہم کے دوران کچرے اور گٹر میں نظر آئے تھے۔
واضح رہے کراچی کی نشست این اے 249 سے فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے سے خالی ہوئی تھی، فیصل واوڈا نے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اس نشست سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن میں سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں ، اس لیے اب این اے 249 سے ضمنی الیکشن کی تیاری ہوشروع ہوچکی ہے جہاں پاکستان مسلم لیگ ن نے اس حلقے میں مفتاح اسماعیل کو امیدوار نامزد کررکھا ہے، مفتاح اسماعیل نے گلی محلوں ، دکانوں، مارکیٹوں سمیت کارنرمیٹنگ اور انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
