ملالہ یوسف زئی نے ڈزنی پلس کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

نوبیل انعام یافتہ کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستانی سپر ہیرو خاتون کے کردار پر مبنی ’’مس مارول‘‘ ویب سیریز بنانے پر مارول سٹوڈیو اور ڈزنی پلس کا شکریہ ادا کیا ہے اور اسے پاکستانیوں کی درست نمائندگی کی عکاسی قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ منفرد صلاحیتوں کی مالک پاکستانی لڑکی کمالہ خان کے مرکزی کردار پر بنائی گئی ویب سیریز ’’مس مارول‘ کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر پیش کر دیا گیا ہے۔
ویب سیریز میں کمالہ خان یعنی ’مس مارول‘ کا کردار پاکستانی نژاد کینیڈین لڑکی 19 سالہ ایمان ولانی نے ادا کیا ہے جو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں، مس مارول‘ میں مہوش حیات، ثمینہ احمد، نمرہ بُچہ اور فواد خان سمیت بھارت کے متعدد اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ اس کے چار میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے کا تعلق پاکستان سے ہے۔
مس مارول‘ کی ریلیز کے موقع پر ملالہ یوسف زئی نے ویب سیریز کی تعریف کرتے ہوئے اس کے کرداروں اور ان کے لہجوں کو تارکین وطن پاکستانیوں کی عکاسی قرار دیا اور ویب سیریز کے لیے خصوصی تحریر لکھی۔
ملالہ یوسف زئی کی جانب سے ہاتھ سے لکھی گئی تحریر کو ’مس مارول‘ کے انسٹاگرام پیج پر شیئر کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ کارکن کا شکریہ ادا کیا گیا۔ملالہ یوسف زئی نے اپنی تحریر میں ’مس مارول‘ کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ یہ بہت ہی اچھا احساس ہے کہ جب ٹی وی کا مرکزی کردار وہی زبان اردو بولتا ہے جو آپ کی زبان ہو اور وہ ہی لباس پہنتا اور غذا کھاتا ہو جو آپ کھاتے ہوں تب بہت اچھا لگتا ہے۔
ملالہ یوسف زئی نے لکھا کہ مس مارول کو تارکین وطن پاکستانیوں کی طرح بولنے، زندگی گزارنے اور ان جیسا لہجہ اپناتے ہوئے دیکھ کر کافی خوشی اور رشک ہوا، تارکین وطن پاکستانیوں کی درست عکاسی کے کرداروں اور لہجوں کو ویب سیریز کا حصہ بنانے پر مارول پروڈکشن اور ڈزنی پلس کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی’’مس مارول‘‘ ویب سیریز کا شکریہ بھی ادا کیا۔
خیال رہے کہ ویب سیریز کا مرکزی کردار ’کمالہ خان‘ کا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی ریاست نیوجرسی کی منفرد صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہوتی ہیں، ویب سیریز کے کردار کمالہ خان کو تخلیق کرنے والی خاتون ثنا امانت بھی پاکستانی نژاد ہیں، ثنا امانت نے کمالہ خان کے کردار کو پہلی بار مارول کے کامک بکس میں 2013 میں متعارف کرایا تھا اور اب اس پر پہلی ویب سیریز بنائی گئی ہے۔
