کیا مریم نواز اور اداکارہ عفت عمر ایک ہی ہیں؟

پاکستانی اداکارہ عفت عمر نے مسلم لیگی رہنما مریم نواز سے اپنی دلی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اور مریم نواز ایک ہیں، انکا کہنا تھا کہ میرا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں ہے، لیکن جمہوریت کے سفر میں ہم ایک پیج پر ہیں، جمہوریت کیلئے مل کر کام کرنے میں کوئی برائی نہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں تحریک انصاف اور عمران خان کی حمایت کرنے والی عفت عمر اب توبہ کر کے مسلم لیگ ن کی حمایتی بن چکی ہیں۔ عفت عمر ان دنوں سوشل میڈیا پرکافی متحرک ہیں اور پاکستانی سیاست سے متعلق رائے کا اظہار بھی کرتی رہتی ہیں۔
اداکارہ نے مریم نواز کی حمایت کی وجہ بتائی ہے، عفت عمر کا ایک مختصر انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ مریم نواز کے لیے ٹوئٹ کرتی ہیں اورآپ ان چند فنکاروں میں سےایک ہیں جنہیں مریم جواب بھی دیتی ہیں، تو آپ کی یہ بات چیت لیگی نائب صدر کے ساتھ کیسے شروع ہوئی؟اس پر جواب دیتے ہوئے عفت عمر نے کہا کہ ہماری یہ بات چیت ٹوئٹر پر ہی شروع ہوئی، عورت ہونے کی حیثیت سے میں ان کی جدوجہد کے بارے میں جانتی ہوں اور وہ میری جدوجہد بارے جانتی ہوں گی، یہ صرف عورت ہونے کی وجہ سے ہے کہ ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ ڈرامہ سیریل بے رخی، نورالعین، حیوان، آنگن، کبھی سوچا نہ تھا، جیسے ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، عفت عمر نے فلم لندن نہیں جائوں گی میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رکھے ہیں۔
