ملکہ الزبتھ اور شہزادہ ہیری کل ملاقات کریں گے

آنجھانی لیڈی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے چھوٹے بیٹے ہیری کی جانب سے شاہی خاندان سے ناطہ توڑ کر عام فرد کی حیثیت سے زندگی گزارنے کے فیصلے نے شاہی خاندان میں ہلچل مچادی ہے، ملکہ برطانیہ نے خاندان کو ٹوٹنے سے بچانے اور شہزادہ ہیری کو سمجھانے کی کوشش کےلیے پیر کے روز بالمشافہ ملاقات کریں گی، جس میں ان کے مستقبل کے کردار پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ شاہی خاندان کی ’سینیئر‘ شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں اور مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کریں گے۔
اسی حوالے سے شاہی محل کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پیر کو ملکہ برطانیہ الزبتھ اور شہزادہ ہیری کے درمیان ملاقات میں شہزادہ چارلس اور شہزادہ ولیم بھی موجود ہوں گے۔تاحال اس حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں کہ ملکہ کے ساتھ ہونے والی اس نشست میں کوئی حتمی فیصلہ ہو پائے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے شاہی نمائندےکے مطابق وہ پُرامید ہیں کہ یہ مذاکرات اس بات کا تعین کریں گے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے شاہی خاندان کے ساتھ مستقبل میں کیا تعلقات ہوں گے۔ ملکہ الزبتھ بھی آنے والے دنوں میں اس معاملے کا حل نکالنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
تاہم انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب بھی کئی ’بڑی رکاوٹیں‘ موجود ہیں جن کے بارے میں ان مذاکرات میں بات ہو گی۔
خیال ہے کہ شاہی جوڑے کے اعلان کے بعد شہزادہ چارلس، شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری مستقبل کے بارے میں متعدد امکانات کا جائزہ لیں گے۔ اگر آئندہ دنوں میں ایک معاہدہ طے پا جاتا ہے تو امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کے عمل درآمد کے لیے کچھ وقت درکار ہو گا۔جبکہ اس بات کی بھی تصدیق ہو چکی ہے کہ میگھن مارکل کینیڈا روانہ ہو چکی ہیں۔
برطانوی شاہی خاندان کے شہزادہ ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگھن نے اعلان کیا تھا کہ وہ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور مالی طور پر خودمختار ہونے کے لیے اقدامات کریں گے۔ ایک بیان میں برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنا وقت برطانیہ اور شمالی امریکہ کے درمیان گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شاہی خاندان کے سینئر ارکان کو اس اعلان سے ’دکھ‘ پہنچا ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس نے میڈیا کی زد میں رہنے کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کیا تھا۔ کرسمس کے دوران بھی شاہی جوڑے نے اپنے شاہی فرائض سے چھ ہفتوں کا وقفہ لیا تھا اور کینیڈا میں اپنے بیٹے شہزادہ آرچی کے ساتھ کچھ وقت گزارا تھا۔ شہزادہ آرچی گزشتہ برس مئی میں پیدا ہوئے تھے۔
ممکن ہے کہ پیر کے روز ہونے والی نشست مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے ہونے والی ضروری ملاقاتوں کے سلسلے کی آخری ملاقات نہ ہو۔
لیکن محل کے عملے اور سرکاری ملازمین نے اس حوالے سے کافی پیشرفت کی ہے تاکہ شاہی خاندان کے سب سے سینیئر افراد مل بیٹھیں اور شہزادہ ہیری اور میگھن کے مستقبل کے حوالے سے چند ٹھوس تجاویز پر تبادلہ خیال کر سکیں۔
ابھی بھی بہت سی رکاوٹیں ہیں۔ یہ بالکل واضح نہیں ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن شاہی فرائض کی انجام دہی میں اپنا کتنا کردار دیکھتے ہیں۔ملاقات میں شاہی محل اور شہزادہ ہیری اور میگھن کی نئی تنظیم کے مابین مالی اعانت اور رابطے جیسے امور بھی زیر بحث آ سکتے ہیں۔
موجودہ تعلقات پیچیدگیوں کا شکار ہیں مگر ایک نیا تعلق بنانا، جو کہ قائم رہ سکے، اس سے بھی زیادہ مشکل ہو گا۔
یہ کام (نیا تعلق) کرنے کی شدید خواہش ہے۔ لیکن یکساں طور پر یہ معاہدہ مضبوط اور قابل عمل ہونا چاہیے۔
یہاں مثال قائم کی جا رہی ہے- ایسا کرنے کا ایک طریقہ جو شاید آنے والے برسوں میں شاہی خاندان کے دیگر افراد بھی اپنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button