ملک بھر شدید بارشیں،28 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، ژالہ باری سے موسم خوشگوار، بنوں میں آندھی، تیز ہوائوں سے چھتیں اُڑ گئیں،28  افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی ہوگئے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

پشاور، لکی مروت ، بنوں، میں تیز ہوائوں، آندھی نے تباہی مچا دی، گھروں کی چھتیں، پانی کی ٹینکیاں تک اڑ گئیں، خواتین، بچوں سمیت 28 افراد جان کی بازی ہارگئے، بنوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

لاہور، گوجرانولہ، شیخوپورہ، گجرات، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہر بھی ہلی اور تیز بارش کی لپیٹ میں رہے، لاہور میں تیز ہوائوں کے ساتھ بوندا باندی رہی۔

ریسکیو1122 کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے ایک بیان میں مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بنوں میں 12، لکی مروت میں تین اور کرک میں 2 شہری جاں بحق ہوئے، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے کہا کہ آندھی اور طوفان کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں جبکہ ریسکیو 1122 کی جانب کرک، بنوں اور لکی مروت میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اس کے علاوہ محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری خیبر پختونخوا کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ محکمہ کے سیکریٹری نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ لوگوں کو حکومتی پالیسیوں کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا، ادھر نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے بارش اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفانی بارش ہوئی اور مختلف اضلاع سے شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ متاثرہ اضلاع بنوں، لکی مروت اور کرک کی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور آندھی اور طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کے پی کے بیشتر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے لیکن شام اور رات کے وقت صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں آندھی/مٹی کے طوفان اور کچھ علاوں میں وفقے وفقے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔

اس میں مزید کہا گیا کہ چترال، لوئر، اپر دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان کے اضلاع میں چند مقامات پر شام اور رات کے اوقات میں آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کرم، ہنگو، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان، ٹانک، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، چارسدہ، پشاور، خیبر اور نوشہرہ کے اضلاع میں آندھی اور مٹی کے طوفان سے عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں تمام متعلقہ حکام کو اس دوران چوکس رہنے کی ایڈوائزری جاری کی۔

Back to top button