گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا 8 اگست سے غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتےہوئے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھاکہ پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز متفقہ طور پر مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گی۔
ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پیش کردیا گیا ہے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال جاری رہے گی۔
انہوں نے وفاقی وزیر پیٹرولیم پرویز علی ملک سے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے اہم مطالبات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین ختم کرکے ماہانہ بنیاد پر مقرر کرنا اور حالیہ اضافے واپس لینا شامل ہے۔اس کے علاوہ ٹول ٹیکس میں اضافہ فوری واپس لےکر 30 جون 2024 کی سطح پر لایا جائے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہاکہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے اسے آئل ٹینکرز کی طرح 2 فیصد کیا جائے،جب کہ ایکسل لوڈ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اوور لوڈنگ کی مکمل روک تھام کی جائے۔
انہوں نے کسٹمز کے ایس آر او 1619/2024 کےخاتمے،ڈرائیورز کےلیے ٹیسٹ کے بعد ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا، اور کراچی پورٹ و پورٹ قاسم کے قریب ٹرانسپورٹ گاڑیوں کےلیے پارکنگ کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔
ان کاکہنا تھاکہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو جلانے کے واقعات تشویشناک ہیں،امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کےلیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے 20 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی کے قانون اور روڈ حادثات کی صورت میں 97 لاکھ روپے دیت کے قانون کو مسترد کرتےہوئے انہیں فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا، جب کہ سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے دوران تھرڈ پارٹی انشورنس کے نام پر مبینہ بھتہ خوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
